گوجرانوالہ:ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے واضح ہدایات جاری کردیں

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن بلا تفریق جاری رکھا جائے گا۔ سرکار کی ملکیتی ایک انچ اراضی پر بھی قبضہ نہیں ہونے دیا جائے گا اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو آپریشن میں مزید شدت لانے اور تجاوزات کو جلد ہٹانے کے لیے دیگر اداروں سے بھی مشینری حاصل کی جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں بھاری مشینری کرایہ پر بھی لی جائے تاکہ آپریشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ٹی روڈ چندا قلعہ کے قریب واقع باس ٹیکسٹائل کی طرف سے محکمہ ہائی ویز کی اراضی ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے سلسلہ میں جاری آپریشن کے جائزہ لینے کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوکنول بتول ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی حنا ء ارشد کے علاوہ میونسپل کارپوریشن ، ہائی ویز ، ریو نیو ، سوئی گیس ، گیپکو ، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران اور اہلکاران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن تیسرے روز میں داخل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آپس میں باہمی رابطہ مضبوط بنیادوں پر استوار کریں اورجاری آپریشن کو شفاف بنانے کے لیے کسی قسم کا دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے اور آپریشن کو بلا رعایت جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ آپ جہاں کہیں ناجائز تجاوزات دیکھیں اس کی بروقت نشاندہی کریں انکی نشاندہی پر انتظامیہ فوری ایکشن لے کر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر بھرپور کاروائی کی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں