گوجرانوالہ بنے گا اب ماڈل سٹی،خواب کی تعبیر کیلئے تمام اداروں نے کمر کس لی ۔

جی ٹی روڈ کو صفائی کے لحاظ سے ماڈل روڈ بنایا جائے گا ،شہر کی دیگر اہم شاہراؤں اور گلی محلوں میں بھی معیاری صفائی کی خدمات شہریوں کو فراہم کی جائیں گی اور شہر کو صاف ستھرا بنا کر عوام کو جلد اور مستقل ریلیف فراہم کیا جائے گا ،عوام الناس روڈز اور شہر بھر کی صفائی کے لیے انتظامیہ اور جی ڈبلیو ایم سی سے تعاون کریں تا کہ کلین اور گرین پنجاب مہم کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب وڑائچ کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں ایم پی اے شاہین رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)کنول بتول،منیجنگ ڈائریکٹر (جی ڈبلیو ایم سی)شیخ بابر کھرانہ،فوکل پرسن (جی ڈبلیو ایم سی)ذوالفقار علی بھون،منیجر آپریشن عامر مشتاق،منیجر ورکشاپ احمد خورشید مرزا،اسسٹنٹ منیجرز آپریشن ، سینٹری انسپکٹرز ،پی ایچ اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرزاور یونین کونسل کے کوآرڈینیٹرز شریک تھے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ کی زیر صدارت شہر میں جاری صفائی آپریشن خصوصاً کلین اور گرین پنجاب مہم کے تحت اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران و عملہ کو اسی جذبے سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی اور پی ایچ اے کے افسران کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود فیلڈٖ میں نکلیں اور پی ایچ اے کے عملہ کی طرف سے کانٹ چھانٹ کے عمل کی خود نگرانی کریں ۔انہوں نے ایم پی اے شاہین رضا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صفائی عملہ اور افسران معمول کے ساتھ ساتھ چھٹی کے دنوں میں بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں ،عملہ و افسران کی خوصلہ افزائی کے لیے محکمانہ اور حکومتی سطح پر خصوصی بونس دیا جائے تا کہ وہ فرائض اسی جذبے سے جاری رکھ سکیں ۔ایم پی اے شاہین رضا نے ضلعی انتظامیہ اور جی ڈبلیو ایم سی کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وہ ان کے مسائل کو حکومتی سطح پر اُجاگر کریں گی تا کہ جی ڈبلیو ایم سی شہریوں کو مزید صاف ستھرا ماحول فراہم کر سکے ۔
منیجنگ ڈائریکٹر شیخ بابر کھرانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور معاونت سے جی ڈبلیو ایم سی نے شہر میں صفائی بحران پر قابو پا لیا ہے اور محدود وسائل اور مخیر حضرات کے تعاون سے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی گئی مشینری سے شہر کی تمام مرکزی شاہراؤں پر کوڑے کے ڈھیروں کو ترجیحاً اُٹھایا جا رہا ہے اور جی ٹی روڈ کے تمام کوڑا پوائنٹس مستقل طور پر ختم کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کل کے صفائی آپریشن میں 1600ٹن اور آج شام 5بجے تک کے آپریشن میں 1200ٹن کوڑا شہر سے باہر ڈمپ سائٹ پر منتقل کیا جا چکا ہے اور مزید صفائی آپریشن جاری ہے۔
ذوالفقار علی بھون فوکل پرسن برائے جی ڈبلیو ایم سی نے بتایا کہ گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو مخیر حضرات کے تعاون سے روزانہ کی بنیاد پر 20سے زائد ڈمپرز اور درجنوں ٹرالیاں فراہم کی گئی ہیں جن کا کرایہ مخیر حضرات ادا کر رہے ہیں اور لی گئی مشینری کو شہر کی صفائی کے لیے بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا رہا ہے ،صفائی آپریشن کی نگرانی کے لیے 10زونز میں یونین کونسلز کے سیکرٹریز اور پٹواریوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جلد شہر کو صاف ستھرا کر کے شہریوں کو صاف ماحول فراہم کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرین بیلٹس اور ڈیوائڈر لائنز پر لگے پودوں کی کانٹ چھانٹ اور مٹی کو روڈز پڑ پھینکنے کے بجائے کوڑا دان میں ڈالیں تا کہ روڈز کی صفائی کو برقرار رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں