گوجرانوالہ: مہنگائی میں اضافہ، تعمیراتی سامان کی قیمتیں بڑھنے سے مزدور بے روز گار ہونے لگے

اینٹ ، سریا ،سیمنٹ ،ریت اور بجری کی قیمتوں میں اضافے سے تعمیراتی کام بند ہو گیا جبکہ 530 میں ملنے والی سیمنٹ کی بوری 615روپے ،16ہزار میں ملنے والا بجری کا ٹرک 20 ہزار، 52سو میں بکنے والا ریت کا ٹرک68سو میں فروخت ہو رہا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے سریئے کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے جس کی وجہ سے آئرن مرچنٹس نے مارکیٹ میں سریا کی مصنوعی قلت پیدا کردی ہے اور کنٹریکٹرز اینٹ اور سریا کی تلاش کیلئے مختلف مارکیٹوں اور فیکٹریوں کے چکر لگا رہے ہیں.
گوجرانوالہ اور گردونواح میں غیر معیاری اینٹ بھی 13ہزار روپے فی ہزار میں مل رہی ہے۔ بجری اور ریت پر ودہولڈنگ ٹیکس لگنے سے ریت بجری کی قیمتیں دوگنی ہو چکی ہیں جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹائلز اور سرامکس فیکٹریوں نے بھی اپنی مصنوعات کے نرخوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ہر قسم کا بلڈنگ میٹریل مہنگا ہونے سے تعمیرات میں 70 فیصد کمی آ چکی ہے۔
یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں اور ان کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک آن پہنچی ہے۔ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی شان،کبیر احمد، دانیال احمد، عبیداﷲ، سلیم احمد، خالد محمود،دلاور مہدی ودیگر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی مزدور دشمنی پر مبنی ہے۔ غریب مزدوروں کا کہنا تھا کہ فاقوں مرنے اور خودکشیاں کرنے والوں کی اموات کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں