کمشنر گوجرانوالہ اسد اﷲ فیض نے گوجرانوالہ سپورٹس کمپلیکس میں فن پہلوانی کی سرکاری سرپرستی کیلئے عالمی معیار کی تربیت گاہ “گوجرانوالہ ریسلنگ اکیڈمی” کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں، معززین شہر اور پہلوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کی تاریخ فن پہلوانی سے عبارت اور تابناک ہے۔ رحیم پہلوان سلطانی والا رستم ہند، یونس پہلوان ستارہ پاکستان، اچھا پہلوان شیر پاکستان، گوگا پہلوان فخر پاکستان، شاہد پہلوان آٹے والا رستم پاکستان، ریاض پہلوان شیر پاکستان، ضیاء پہلوان، اعظم پہلوان، عمر پہلوان، شاہد بابر پہلوان، پوپی پہلوان اور خلیفہ طارق پہلوان سمیت کئی پہلوانوں نے دنیا بھر میں گوجرانوالہ اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں انعام پہلوان نے دو مرتبہ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل اور ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل جیت کر دنیا بھر کے پہلوانوں کو پاکستانی شاہ زوروں کا لوہا ماننے پر مجبور کردیا ہے۔ رستم زماں انعام پہلوان اوررستم پاک وہند عمر پہلوان کی فتوحات اس امر کی عکاس ہیں کہ اگر سرپرستی اور بہترین تربیت کی جائے تو دنیا بھر میں پاکستانی پہلوانوں کی ٹکر کا کوئی شاہ زور نہیں اسی لئے انہوں نے گوجرانوالہ کے پہلوانوں کا دیرینہ مطالبہ منظور کرتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس کو فن پہلوانی کے لئے وقف کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور یہاں عالمی معیار کی ریسلنگ اکیڈمی اوراکھاڑا قائم کرنے کا عزم کیا ہے جس کیلئے ابتدائی طور پر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی معاونت سے پچاس لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں
کمشنر گوجرانوالہ کا مزید کہنا تھا کہ سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کے ریسلنگ میٹس رکھے جائیں گے جہاں نوجوان پہلوان ملکی اور غیر ملکی کوچز کے زیر سایہ ٹریننگ اور کسرت کر سکیں گے۔ اکیڈمی میں انٹرنیشنل لیول کی سہولیات دی جائیں گی ایک ماہ میں اکیڈمی کی تیاری مکمل ہو جائے گی۔ اکیڈمی میں غیر ملکی کوچز کو بھی بطور خاص بلوایا جائے گا۔ جس کیلئے وہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈپنجاب سے بھی بات کر یں گے اور زیادہ سے زیاد فنڈز منظور کروانے کی کوشش کریں گے۔
کمشنرنے کہا کہ خوش قسمتی سے وزیر اعظم پاکستان عالمی شہرت یافتہ سپورٹس مین ہیں جن کی زیر قیادت دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ فن پہلوانی کو بھی فروغ حاصل ہوگااور پاکستانی پہلوان عالمی مقابلوں میں اپنے مخالفین کو شکست کی دھول چٹا کر اقوام عالم پر واضح کردیں گے کہ پاکستانی قوم ناقابل تسخیر ہے۔
ریسلنگ اکیڈمی کا چیئرمین کمشنر ہوگا جبکہ تمام اکھاڑوں کے پہلوان اور چیمبر آف کامرس کے دو نمائندے اس کے ممبرز ہونگے۔ اس موقع پر چیئرمین ماسٹر گروپ آف انڈسٹریز شیخ محمود اقبال ،چیئرمین سونیکس گروپ اخلاق احمد بٹ اور چیئرمین کنگز مال ظہیر الحق ملک نے بھی فن پہلوانی کے فروغ کیلئے کمشنر گوجرانوالہ تعاون اور پہلوانوں کی سرپرستی کا مکمل یقین دلایا ۔
Load/Hide Comments