گوجرانوالہ محکمہ ماحولیات کا مضر صحت دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن فیکٹریوں کو سیل کر دیا

گوجرانوالہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ کی ہدایت پر انسداد سموگ مہم کے تحت محکمہ ماحولیات کا مضر صحت دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں ،بھٹیوں،فرنس اورکارخانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،5مزید فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا، محکمہ ٹرانسپورٹ (سیکریٹری آر ٹی اے)کی ٹیموں نے دھواں چھوڑنے والی34گاڑیاں بند،15کے چلان اور 6ہزار جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ نے ہدایت کی ہے کہ موسم سرما اور متوقع دھند سیزن شروع ہونے سے قبل انسداد سموگ سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں تا کہ سموگ کا سبب بننے والے محرکات پر قبل از وقت قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو سموگ کے باعث پھیلنے والی بیماریوں سے بچایا جا سکے۔اس سلسلہ میں محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیاں کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی اور مضر صحت مواد کو ایندھن وغیرہ کے لیے استعمال کرنے پر درج ذیل 5مزید فیکٹریوں (حماد سٹیل فرنس دیوان روڈ ایمن آباد،زم زم سٹیل فرنس،ملک اعجاز سٹیل فرنس،بسم اللہ سٹیل فرنس،البقر ہ سٹیل فرنس)کو سیل کیا ہے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ کی ہدایت پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں،رکشوں،موٹر سائیکلوں اور دیگر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر85انسپکشنز کی گئیں اور34گاڑیوں کو مضر صحت دھواں چھوڑنے پر بند کیا گیا جبکہ 15گاڑیوں کو مجموعی طور پر 6ہزار روپے کے چالان کیے گئے۔انسداد سموگ مہم کے تحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی سربراہی سیکرٹری ڈسٹرکٹ آر ٹی اے عدنان ارشادکر رہے ہیں۔محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام میں آگاہی مہم بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے اس سلسلہ میں ڈرائیورز حضرات کو گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ اور دھواں کے اسباب بننے والے محرکات کا ازالہ کے لیے اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی گئی تا کہ انہیں کاروائی کے دوران ہونے والے مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے شاہراؤں پر آگاہی واکس،سیمینار،لیکچرز اور دیگر اقدامات بھی اُٹھائے جا رہے ہیں تا کہ سموگ کے تمام محرکات سے شہری اور ڈرائیور حضرات بھی متنبہہ رہیں اور اس سلسلہ میں متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں