گوجرانوالہ۔ ملک بھر میں موبائل سروس بند رہے گی کب سے کب تک تفصیلات جانئے

حکومت کا ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ، ملک بھر میں کل صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک موبائل فون سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ملک بھر خاص کر لاہور میں حالات شدید کشیدہ ہیں۔ شدید احتجاجی مظاہروں کے باعث ملک کی بیشتر شاہراہیں بند ہیں۔
جبکہ کشیدہ حالات کے باعث حکومت نے ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں کل صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک موبائل فون سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے آسیہ بی بی سے متعلق گذشتہ روز دئے جانے والے فیصلے کے بعد سے ہی ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت لاہور میں احتجاج کے پیش نظر میٹرو بس سروس بند ہے جبکہ مال روڈ کی طرف جانے والے راستے بھی بند ہیں۔

شہر کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل ہے۔ کراچی میں بھی کئی اہم سڑکوں پر دھرنے جاری ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث عوام دہری مشکلات کا شکار ہیں۔ امن و امان کی صورتحال بگڑنے پر آج صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں تمام جب کہ سندھ میں نجی تعلیمی ادارے بند رہے۔ پنجاب بھر میں کئی دفاتر اور دکانیں بھی بند رہیں۔
سندھ میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے امن و امان کی صورتحال بگڑنے پر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ پنجاب کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے تحت بارہویں جماعت، راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات، ملتان میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردیے گئے۔ جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بلوچستان میں تمام نجی و سرکاری تدریسی مراکز کُھلے رہے۔واضح رہے کہ آسیہ بی بی کیس سے متعلق سپریم کورٹ کےفیصلے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جہاں مظاہرین نے ٹائروں کے علاوہ موٹرسائیکلوں کو بھی نذر آتش کر دیا وہیں ملک کی اہم شاہراہوں بالخصوس لاہور کی ہائی ویز اور دیگر اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو گذشتہ روز سے ہی شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں