شہر اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سٹی پولیس آفیسر معین مسعود ، چیئرمین ضلعی امن کمیٹی قاری زاہد سلیم سمیت تمام مسالک کے علماء کرام نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج میں شریک علماء سے مذاکرت کے لیے جیّد علماء اکرام پر مشتمل 4رکنی کمیٹی (مولانا ضیاء اللہ رضوی،صاحبزادہ داؤد احمد رضوی،مولانا محمد رفیق احمد مجددی،مولانا ابو طاہر عبدالعزیز چشتی)تشکیل دے دی گئی ہے جو احتجاج میں شریک علماء کرام سے مذاکرات کریں گے ۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری و نجی املاک کو ہر گز نقصان نہ پہنچایا جائے گااور جمعتہ المبارک کے خطبات میں شہریوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی جائے گی ۔احتجاج میں شریک علماء سے اس سلسلہ میں بات چیت کی جائے گی اور انہیں قائل کیا جائے گا کہ احتجاج کو پر امن رکھا جائے ، نجی و سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے ، مریضوں اور مسافروں کو راستہ دیا جائے تاکہ بروقت علاج معالجے سے انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے اور مسافر اپنی منازل پر محفوظ پہنچ سکیں ۔ تمام مسالک کے علماء کرام و تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی طرف سے قیام امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ۔
اجلاس میں شریک تمام مسالک کے نمائندہ ممبران امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے نمائندے( صاحبزادہ ضیاء اللہ رضو ی ،حافظ عمران عریف ، حافظ جواد قاسمی ، امجد محمود معاویہ، حافظ مدثر حسین مجددی ،علامہ کاظم علی ترابی ، حافظ مبشر حسین رضوی ، علامہ ایوب صفدر ، محمد سعید کلیروی ، شیخ بابر کھرانہ، میاں فضل الرحمن،سید ظہیر حسین نقوی ،خالد اسد ، عمر ریاض چیمہ ، قاری حفیظ ، محمد سعید احمد صدیقی مجددی چودھر ی عصمت اللہ بٹر، علامہ مشتاق چیمہ ،بابر رضوان باجوہ ) اور دیگر شریک تھے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ نے کہا کہ حضور ﷺسے محبت ایمان کا جزولازم ہے اور اس کے بغیر ایمان کامل نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجا ج ریکارڈ کرانے کے لیے مہذب راستہ اختیار کیا جائے ، راستے بند نہ کیے جائیں ،مریضوں کو لیجانے والی ایمبو لنسزاور مسافروں کو راستہ دیا جائے تاکہ راستوں کی بندش کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو، سرکاری اور نجی املاک کوبھی نقصان نہ پہنچایا جائے ۔
سٹی پولیس آفیسر معین مسعود نے کہا کہ علما ء کرام احتجاج کو پر امن رکھیں اور اپنی صفوں میں شر پسندوں کو نہ گھسنے دیں جو ملک کوبد امنی اور انتشار کی طرف لیجانا چاہتے ہیں ۔ علماء کرام جمعہ کے خطبات میں بھی اپنے مسالک کے پیروکاروں کو پر امن رہنے کا درس دیں ۔احتجاج کی آڑ میں شہریوں اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حضورنبی کریم ﷺ سے محبت اور وابستگی دیگر مسلمانوں کی طرح ہمارے بھی ایمان کا بنیادی و لازم جز ہے۔
Load/Hide Comments