دوروز سے جاری دھرنوں کے باعث گوجرانوالہ کا ملک سے رابطہ منقطع، اربوں کا نقصان، مشکلات کے بارے میں مکمل تفصیلات

احتجاجی دھرنوں اور ٹریفک کی بدترین بندش کے باعث گوجرانوالہ کا دیگر اضلاع سے تجارتی رابطہ منقطع ہوگیا اربوں روپے کی مقامی مصنوعات کی اندرون وبیرون ممالک آمد اور ترسیل رک گئی بزنس کمیونٹی کو2 دنوں میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا2کروڑ روپے مالیت کی مچھلی ،پھل ،سبزیاں خراب ،طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ،ٹرانسپورٹ نے ہمہ قسم کے کرایہ جات میں خودساختہ اضافہ کردیا سرکاری اداروں میں افسران اور ملازمین کی حاضری نصف رہی کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے سے ملکی معیشت کو شدید دھچکا ، اشیائے خورونوش ،سبزیاں ،پھل فروٹ،مچھلی اور دیگرمصنوعات کی بڑی کھیپ ٹریفک کی بندش کے باعث مارکیٹوں ،بازاروں اور منڈیوں میں نہ پہنچ سکی گوجرانوالہ میں نجی و سرکاری بس ،ویگن اور ٹرک اڈے دوسرے دن بھی بند رہے ۔ ان کے داخلی وخارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔احتجاج کی وجہ سے صنعتی شہروں گوجرانوالہ، گجرات،سیالکوٹ میں تیار ہونے والی ہوزری، الیکٹریکل،پلاسٹک،سلور سٹیل،چمڑہ ودیگر مصنوعات کی بین الصوبائی واضلاعی ترسیل کے علاوہ امپورٹ ایکسپورٹ رک گئی ہے ۔
دوسری طرف ملک بھر کے ڈیلروں اور دکانداروں نے انڈسٹری مالکان کو ادائیگی بند کر دی ہے جس سے مالکان میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے دیر، گلگت، کوئٹہ، سوات، مانسہرہ سمیت ملک کے دور دراز علاقوں سے سبزی وفروٹ سے بھرے سیکڑوں ٹرک راستوں میں پھنس گئے ہیں ان میں لوڈ کروڑوں مالیت کا فروٹ وسبزی خراب ہو رہی ہے جس سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہوگا۔شاہراہیں بند ہونے کے باعث گوجرانوالہ کی سبزی وفروٹ منڈیوں میں چھٹی کا سماں رہا،خالی گاڑیاں کھڑی کر دی گئیں اورمنڈیوں سے وابستہ ہزاروں مزدور بے روز گار ہو گئے ہیں۔ صورتحال پر کنٹرول نہ ہوا تو آج ضلع بھر میں سجنے والے جمعہ وماڈل بازاروں کا انعقاد بھی مشکل ہوگا۔ احتجاجی دھرنوں سے ڈویژن کی20منڈیوں میں مچھلی کی خر یدوفروخت بند ہو گئی ۔ گوجرانوالہ قادرآباد،کوٹ ہرا،حضرت کیلیانوالہ شریف،علی پور چٹھہ،وزیر آباد،سیالکوٹ،حافظ آباد،پنڈی بھٹیاں،منڈی بہاوالدین،پھالیہ،گجرات،شکرگڑھ،ناروال سمیت دیگر علاقوں میں قائم20کے قریب مچھلی منڈیوں میں گزشتہ دو روز سے مچھلی خریدوفروخت بند ہو کر رہ گئی ہے ۔شاہراہوں کی بندش سے منڈیوں میں بیوپاریوں کی آمدورفت ر ک گئی ہے بلکہ فارم مالکان نے مچھلی پکڑنے کیلئے بلائے مچھیروں کو بھی واپس بھجوا دیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں