گوجرانوالہ: گیس چوری اور بل کی ادائیگیوں کا معاملہ، عدالت نے کروڑوں کے نادھندگان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

گیس یوٹیلیٹی کورٹس نے 95کروڑ کی ریکوری کے مقدمات میں 128نا دہندگان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ، 377 نادہندگان کو نوٹس جاری کر کے نومبر کی مختلف تاریخوں پر طلب کر لیا۔ سوئی نادرن گیس کمپنی نے ڈیڑھ ارب سے زائد مالیت کی گیس چوری کے مقدمات میں اجرائے ڈگری کی درخواستیں گیس یوٹیلیٹی کورٹس میں دائر کر رکھی ہیں۔
ضلع کی گیس یوٹیلیٹی کورٹس میں سوئی ناردرن گیس کمپنی اور صارفین کے درمیان تین ارب سے زائد مالیت کے واجبات کے مقدمات زیر سماعت ہیں جبکہ ڈیڑھ ارب کے قریب مالیت کے نادہندگان کے مقدمات فیصلہ ہو نے پر کمپنی کے وکلاء نے اجرائے ڈگری کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل افسران نے فیکٹریوں ، کار خانوں ، بھٹیوں اور ہوٹلوں سمیت95 کروڑ رقم کے 128 نادہندگان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے نادہندگان کو نومبر کی مختلف تاریخوں پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔گیس یو ٹیلیٹی کورٹس نے 377نادہندگان کو نوٹس جاری کر کے طلب کیا ہے ۔ گھریلو ، انڈسٹریل اور کمرشل صارفین نے گیس چوری سمیت دیگر غیر قانونی ذرائع سے گیس استعمال کی جس پر انہیں دو ارب سے زائد مالیت کے ڈیٹیکشن بل بھجوائے گئے تھے ۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کے وکلاء نے جی نیوز کو بتایا کہ نا دہندگان دانستہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے اگر تاریخ مقررہ پر پیش نہ ہوئے تو آئندہ تاریخوں پر نادہندگان کی جائیدادوں کی ضبطی کے متعلق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے لئے انکی جائیدادوں کی تصدیق شدہ فردیں اور دیگر دستاویزات عدالتوں کو مہیا کر دیئے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں