حکومت نے تیس سال کے نوجوانوں کو خوشخبری سنادی، سرکاری نوکری حاصل کرنے کے مواقع میں اضافہ

سرکاری نوکری حاصل کرنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے لیکن سرکاری نوکری کے لیے درخواست دینے کے لیے عمر کی حد 28 سال مقرر تھی جس سے کئی افراد کا سرکاری نوکری حاصل کرنے کا خواب ٹوٹ جاتا تھا۔ لیکن اب حکومت پنجاب نے پی ایم ایس سروسز رولز 2004ء میں ترمیم کر دی ہے جس کے تحت اب عمر کی حد 28 سال سے بڑھ کر 30 سال کر دی گئی ہے۔
اس ترمیم کے بعد شہریوں میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ اس ترمیم کے بعد اب 30 سال کے افراد بھی سرکاری نوکری کے لیے درخواست دے سکیں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل اپنا 100 روزہ پلان بتایا تھا جس میں نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان بھی شامل تھا۔ عام انتخابات سے قبل انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت غریب ہو رہی ہے جبکہ ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہے، ہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہیں، سول سروس میں سیاسی مداخلت نے بہت نقصان پہنچایا ہے، ہم کمزور اداروں کو مضبوط کریں گے۔
عمران خان نے کہا تھا کہ ہم حکومت میں آ کر ایک کروڑ نوکریاں اور پانچ لاکھ گھر فراہم کریں گے۔ اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ”نیا پاکستانہاؤسنگ اسکیم” کے نام سے ایک منصوبے کا اعلان کیا جس کے تحت غریب عوام کو گھر فراہم کیے جائیں گے، تاہم ایک کروڑ نوکریوں کی فراہمی پر ابھی سوالیہ نشان تھا جو پنجاب حکومت کے پی ایم ایس سروسز رولز 2004ء میں ترمیم کے بعد ختم ہو گیا ہے۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے گی اور عوام سے کیے اپنے وعدوں کو پورا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں