گوجرانوالہ: گیپکو نے افسران اور ملازمین کی کرپشن روکنے کی ٹھان لی، جدید سسٹم کی مکمل تفصیلات جان لیں

گوجرانوالہ ڈویژن میں گیپکو کے 60 دفاتر کے اکاؤنٹس اور ڈیٹا آن لائن کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔جس کیلئے گیپکو حکام نے سسٹم کی تنصیب کیلئے کام تیز کردیا ہے صارفین کی ماہانہ بلنگ ،ریکوری ،شکایات ،لائن لاسز ،وولٹیج میں کمی وبیشی کی مانیٹرنگ اور ملازمین کی کرپشن اور بد عنوانی کی سکریننگ کیلئے جدید ای آر پی سسٹم نصب کرنے کیلئے نجی کمپنی سے معاہدہ طے پاگیا
جی نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق 30 کروڑ روپے کی لاگت سے انٹر پرائزز ریسورس سسٹم گیپکو دفاتر میں انسٹال کیا جائے گا جس میں گیپکو کے 60 دفاتر کو انٹر لنک کیا جائے گا اور33لاکھ صارفین کا ڈیٹا ،875 فیڈرز ، ہزاروں ٹرانسفارمرز ،بجلی کے میٹرز اور دیگر میٹریل کا ریکارڈ بھی اپ لوڈ کیا جائے گا گیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد سلیم نے گوجرانوالہ ریجن میں گیپکو کے تمام انتظامی ، مالی امور اور صارفین کی شکایات وسہولیات کی مانیٹرنگ کیلئے گیپکو کے فنانس ڈائریکٹر محمد ایاز احمد کو ذمہ داری سونپ دی جو ای آر پی سسٹم نصب کرنے کیلئے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام گیپکو دفاتر سے اکاؤنٹس کا ریکارڈ اور صارفین کا ڈیٹا مرتب کریں گے
ابتدائی مرحلہ میں ایکسین سطح کے اکاؤنٹس ،بلنگ ،ریکوری کا ڈیٹا آن لائن کیا جائے گا منصوبہ کے اجراء پر 24گھنٹے تمام صارفین اور بلوں کی ریکوری کی مانیٹرنگ ممکن بنائی جاسکے گی جبکہ صارفین کے طرف سے بجلی کے غیر قانونی استعمال اور ملازمین کی ٹمپرنگ پر ای آر پی سسٹم الارم سگنل دے گاجس پر ہر میٹر میں فنی خرابی اور دیگر غیر قانونی استعمال اور دیگر معلومات سامنے آجائیں گے
ای آر پی پراجیکٹ کیلئے ریجن کے تمام اضلاع کے کمرشل ،گھریلو ،انڈسٹریل ،اربن ،فرنس صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے اور اس پراجیکٹ کے قیام سے بجلی کے تاروں کی تبدیلی ،میٹرز کی تبدیلی ،خرابی کا نظام بہتر اور بجلی چوری کی روک تھام میں واضح بہتری آئے گی گیپکو حکام کے مطابق ای آر پی سسٹم کی تنصیب اگلے سال مکمل ہوجائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں