اسلام آباد ، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے دیا گیا تحفہ قومی خزانے میں جمع کروا دیا، دورہ سعودی عرب کے دوران عمران خان کو سلمان بن محمد کی جانب سے گھڑی کا تحفہ دیا گیا تھا جس کی مالیت 1 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کی کمزور معاشی حالت کے باعث چلائی گئی کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں شاندار کام کر دکھایا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سب کیلئے مثال بنتے ہوئے کروڑوں مالیت کا تحفہ قومی خزانے میں جمع کروایا دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو حال ہی میں دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بیش قیمتی تحفہ دیا گیا تھا۔ سعودی ولی اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران دوستانہ تعلقات قائم ہوگئے تھے۔
اس دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کو اپنے ہمراہ لے کر ڈرائیو پر بھی نکل گئے تھے۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کو وطن واپسی سے قبل ایک قیمتی گھڑی کا تحفہ دیا تھا۔ اس گھڑی کی کل مالیت 1 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ تاہم وزیراعظم عمران خان نے اس قیمتی تحفے کو اپنے پاس رکھنے کی بجائے قومی خزانے میں جمع کروانے کو ترجیح دی ہے۔ وزیراعظم گھڑی کی کل قیمت کا 10 فیصد ٹیکس دے کر گھڑی اپنے پاس رکھ سکتے تھے، تاہم انہوں نے ایسا کرنے کی بجائے اپنا تحفہ قومی خزانے میں ہی جمع کروا دیا ہے۔