خواتین کی زندگی میں بال انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ ان کا قدرتی زیور ہیں جو ان کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں لہذا یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ بالوں کے مسائل خواتین کو پریشانی میں مبتلا کردیں۔
موسم سرما میں آلودگی، جنیاتی کمی، ہوا میں نمی، گرم پانی کا استعمال سمیت کئی ایسے عوامل ہیں جو بالوں کیلئے نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ درجہ حرارت میں کمی اور نمی کی مقدار میں اضافہ بالوں کو خشک کردیتی ہے اور بال خراب ہوجاتے ہیں۔
بالوں کی حفاظت کیلئے ان طریقوں پر عمل کریں ۔
بالوں کو ہیئر ڈرائرسے خشک مت کریں
اس موسم میں بالوں کو ڈرائر کی مدد سے خشک کرنے سے وہ دو منہ ہو جاتے ہیں ۔ بالوں کیلئے دستیاب عام مصنوعات میں سیلیکون آئل سمیت مختلف ہائڈریٹنگ اجزاء شامل ہوتے ہیں جو بالوں کو وقتی فائدہ تو پہنچاتے ہیں مگر خشکی اور سکری کا باعث بنتے ہیں،خشکی اور سکری میں بھی انہیں بے جان کردیتی ہیں۔جس کا بہتر حل ہے کہ چھ یا سات ہفتوں بعد ان بالوں کی ٹرمنگ (کناروں سے معمولی چھوٹا کروانا)کروا لی جائے۔
صرف خالص تیل کا استعمال کریں
موسم سرما میں خالص تیل کا استعمال کریں جو بالوں کو مضبوط اور چمکدار کردیتا ہے۔ بالوں میں خشکی اور سر کی خارش کو دور کرنے کیلئے تلوں کا تیل، چائے کے درخت کا تیل استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ریٹھا، سیکاکائی ، کلونجی اورمختلف جڑی بوٹیوں کو ملا کر بھی تیل تیار کیا جاسکتا ہے جو سردیوں میں فائدہ مند ہے۔
سر کی مالش معمول بنالیں
تیل کا باقاعدگی سے استعمال بالوں کو نئی زندگی فراہم کرتا ہے اس لئے بالوں کی باقاعدگی سے مالش کریں اور بالوں کو روزانہ دھونے سے گریز کریں کیونکہ روزانہ دھونے سے بالوں میں موجود قدرتی تیل ختم ہوجاتا ہے۔ خشکی کے خاتمہ کیلئے بازار میں ملنے والا سرم بھی مفید ہے۔
بالوں کو ہفتے میں دو بار شیمپو کریں
بال روزانہ دھونے سے کمزور پڑ جاتے ہیں انہیں ہفتہ میں دو بار شیمپو ضرور کریں۔ شیمپو بالوں میں موجود آلودگی اور اضافی چکنائی کو ختم کرتا ہے جبکہ شیمپو میں موجود نیوکین بالوں کی موٹائی کو بہتر بناتا ہے۔
مہینے میں دو بار کنڈیشنر ٹھنڈے پانی سے لگائیں
مہینے میں دو بار بالوں کو کنڈیشنر لگانا انہیں ہائیڈریٹ رکھتا ہے شیمپو کے ساتھ کنڈیشنر کا استعمال بالوں کو تروتازہ رکھتا ہے۔ شیمپو اور کنڈیشنر استعمال کرتے وقت ٹھنڈے پانی کا استعمال کریں کیونکہ گرم پانی بالوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ کنڈیشنر کی جگہ قدرتی تیل کا مساج بھی کیا جاسکتا ہے جو کنڈیشنر کی طرح کے نتائج دیتے ہیں۔
بالوں کیلئے گھر میں ماسک تیار کریں
بالوں میں دس سے پندرہ منٹ تک ماسک ضرور لگائیں۔ ویسے تو بازار میں مختلف اقسام کے ماسک موجود ہیں مگر ان میں موجود کیمیکلز سر میں الرجی کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ کیمیکل والے ماسک سے بہتر ہے کہ گھر میں ہی ماسک بنا لیا جائے جسے لیموں،نیم، کھلی مہندی، دہی اور دودھ ملاکر باآسانی گھر میں بنایاجاسکتا ہے۔
سرکے کے فائدے
سرکہ کا استعمال بالوں کی نشوونماکو بہتر بناتا ہے۔ایک کپ پانی میں دو چمچ سرکہ ڈالیں اور شیمپو کرنے کے آخر میں اس سرکہ ملے پانی سے دھولیں۔
ان طریقوں پر عمل کرکے موسم سرما میں بالوں کی حفاظت کی جاسکتی ہے۔
____________________________________________________
کنزہ گفٹ یونیورسٹی میں بی ایس ماس کمیونیکیشن اینڈ میڈیااسٹڈیز میں زیر تعلیم ہیں. اخبارات، جرائد اور کتابوں کا مطالعہ باقاعدگی سے کرتی ہیں. ثقافت، طرز زندگی اور صحت جیسے عنوانات پر لکھنے کا شوق رکھتی ہیں.