گوجرانوالہ میں موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ، پولیس چور پکڑنے میں بری طرح ناکام، رواں سال 1 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ، ضلع بھر کے تھانوں کی حدود سے دس ماہ کے دوران 1ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئی ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل چور گینگ کو پکڑنے کی سر توڑ کوششیں کی گئیں لیکن ناکامی کا سامنا ہوا۔
ذرائع کا کہنا تھا پولیس ایک ماہ کے دوران تقریباً 10 سے 20 موٹر سائیکلیں ریکور کر پاتی ہے جبکہ ماہانہ ایک سو سے زائد موٹر سائیکلیں چوری ہو رہی ہیں جبکہ موٹر سائیکل چوروں کے حوالے سے یہ انکشافات سامنے آئے ہیں کہ چوری شدہ موٹر سائیکلیں شہر سے باہر نہیں جاتیں بلکہ گوجرانوالہ ڈویژن میں ہی ایسے ملزمان موجود ہیں جو چوری کی موٹر سائیکلوں کی خریدو فروخت کرتے ہیں ، چور بازار میں 70 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت 15 سے 20 ہزار روپے جبکہ 125 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت 25ہزار روپے تک ہے
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکلوں کے پارٹس اتار کر ان کے فریم اور چیسز نمبر بھٹیوں میں پگھلا دئیے جاتے ہیں اور مدعا ہی غائب کردیا جاتا ہے تاکہ پولیس مسروقہ موٹر سائیکلوں تک پہنچ ہی نہ پائے ، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اصل ملزمان تک پہنچنے کیلئے موٹر سائیکل کے پرانے پارٹس کا کاروبار کرنے والوں کے بارے بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں لیکن جن موٹر سائیکلوں کو بھٹیوں میں پگھلاکر ان کے برتن بنالئے گئے ہیں ان تک کیسے پہنچا جائے ۔
Load/Hide Comments