سر سبز و شاداب پاکستان مہم، بائیکرزکے گروپ نے پودے لگانے کا بیڑا اٹھا لیا،ریلی گوجرانوالہ پہنچنے پر شاندار استقبال

گرین اینڈ کلین پاکستان بائیکرزریلی کے شرکاء کا گوجرانوالہ آمد پر والہانہ استقبال، بائیکرز کا شہر میں داخل ہوتے ہی اہل گوجرانوالہ کی بڑی تعداد نے جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاورکرتے ہوئے شاندار استقبال کیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ،ریلی کراس روٹ کلب کے مرکزی چیئرمین مکرم ترین کی سربراہی میں پہنچی ۔ بعدازاں شرکاء ریلی نے سیٹلائٹ ٹاؤن کے نجی سکول میں پودے لگائے۔
گوجرانوالہ میں انہوں نے مختلف مقامات پر بھی پودے لگائے ۔مکرم ترین کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے گوجرانوالہ تک اب تک بیس ہزار پودے لگا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے لئے ضروری ہے کہ 25فیصد رقبہ جنگلات پر محیط ہو۔مگر بدقسمتی سے پاکستان میں صرف 3فیصد رقبے پر جنگلات ہیں۔.ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ مہم شروع کی ہے ۔کراس روٹ کلب گوجرانوالہ کے صدر جہانگیر ترین، آصف ،سفیان ،حبیب اﷲ اور عباس نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے .ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کے نقصانات سے بچنے کے لئے ضروری ہے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں