کمشنر اسد اﷲ فیض نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کے اطراف گرین بیلٹس کی صفائی اور حفاظت پرسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،تمام فیکٹری مالکان ،تاجر اور دیگر کمرشل جائیدادوں کے مالکان اپنی اپنی حدود میں کوڑا دان رکھیں اور شہر کی صفائی میں انتظامیہ ،پی ایچ اے اور جی ڈبلیو ایم سی کی معاونت کریں ۔ وہ جی ٹی روڈ کا دورہ کرتے ہوئے گفتگو کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس پر گندگی پھینکنے والے فیکٹری مالکان،دکانداروں اور پلازہ و مارکیٹوں کے مالکان کو 5ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا اور گرین بیلٹ میں دیئے گئے راستوں کے معاہدے منسوخ کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور اسے خوبصورت اور صاف ستھرا رکھنا نہ صرف حکومتی اداروں بلکہ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے ۔دورہ کے موقع پر چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے ۔پی ایچ اے افسران نے انہیں بتایا کہ جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف تمام پلازہ و فیکٹری مالکان اور تاجروں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔
Load/Hide Comments