محکمہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے گجرات میں چھاپے، کمرشل عمارتوں کی غیر قانونی تعمیر پر بلدیہ کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا

محکمہ اینٹی کرپشن کی ضلع گجرات میں غیر قانونی طور پر تعمیر ہونے والے کمرشل پلازہ جات اور بلڈنگز کی خفیہ نشاندہی کے بعدکارروائی بلدیہ گجرات کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا گیا، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گجرات نے تمام غیر قانونی عمارتوں اور زیر تعمیر پلازہ جات کو سیل کر وا دیا۔تفصیل کے مطابق ضلع گجرات میں بلدیہ عملہ کی ملی بھگت سے کمرشل فیس جمع کروائے بغیر، غیر قانونی پلازہ جات تعمیر کر کے خزانہ سرکار کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
جس میں پرنس چوک گجرات کے پاس مین بازار میں 21مرلہ ، تین منزلہ پلازہ بغیر نقشہ منظوری اور کمرشل فیس ادا کئے تعمیر کیا گیا۔ جبکہ بلدیہ گجرات کی جانب سے غیر قانونی تعمیر کو روکنے کی کوشش نہیں کی گئی اسی طرح مین جی ٹی روڈ گجرات پر 3کنال اراضی پر حاجی سعید احمد نے تین منزلہ کمرشل پلازہ بغیرنقشہ منظوری اور کمرشل فیس کے بغیر تعمیر کر لیا۔ کچہری روڈ پر شیخ فرخ اقبال نے تین منزلہ کمرشل پلازہ 15مرلہ جگہ پر بغیر نقشہ منظوری و کمرشل فیس تعمیر کر لیا۔ کچہری روڈ گجرات پر ہی ہمایوں پلازہ غیر قانونی طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
کچہری روڈ گجرات کی جنوبی سائیڈ پر 5منزلہ کمرشل بلڈنگ تعمیر جاری ہے ۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اس کے علاوہ بے شمار کمرشل عمارتوںکی تعمیرات جاری ہیں۔ جن کو بغیر نقشہ منظوری اور کمرشلائزیشن فیس ادا کئے بغیر تعمیر کیا جار ہا ہے ۔ تحصیل آفیسر پلاننگ، انفورسمنٹ انسپکٹر ز اور بلڈنگ انسپکٹر ز نے مالکان سے ملی بھگت کر کے خزانہ سرکار کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔جن کے خلاف جلدہی سخت کارروائی عمل میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گااور لوٹی ہوئی رقم سرکاری خزانہ میں جمع کروائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں