گوجرانوالہ میں لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بینچ کے قیام کا معاملہ، عدالتوں، ضلع کچہری اور ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کی تالہ بندی کو دس دن مکمل

گوجرانوالہ ڈویژن میں لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بینچ کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر وکلاء کی جانب سے عدالتوں کی تالہ بند ی کے 10روز میں قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان ، چو ری ، راہزنی ، لڑکیوں کے اغواء ، خلع ، استقرار حق سمیت دیگر سول اور فوجداری نوعیت کے 14ہزار سے زائد مقدمات کی سماعت نہیں ہو سکی ۔ دسویں روز بھی سیشن جج ، ایڈیشنل سیشن ججز ، بینکنگ کورٹس کے ججز ، جوڈیشل مجسٹریٹس اور دیگر جوڈیشل افسران کی عدالتیں نہ لگ سکیں اور نہ ہی عدالتوں کو لگے تالے کھل سکے جبکہ جوڈیشل افسران اور سٹاف بھی عدالتوں تک نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں سائل انصاف کے لئے رل گئے ہیں ۔ عدالتوں کی تالہ بندی سے جیل میں بند ملزمان کی تعداد تین ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

کروڑوں کی رجسٹریاں پاس نہیں ہو سکیں اور نئے مقدمات بھی دائر نہ ہو سکے ڈسٹرکٹ بار کے صدر نور محمد مرزا ، سیکرٹری بار چوہدری ظہیر احمد چیمہ اور دیگر وکلاء کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ گورنر پنجاب سے ملاقات میں بریک تھرو ہو گا، اگر ایسا نہیں ہوا تو تحصیل اور کمشنر آفس سمیت دیگر سرکاری دفاتر کی تالہ بندی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں