اندرون شہر میونسپل کارپوریشن، محکمہ مال اور اشتمال کی اربوں روپے مالیتی اراضی پر غیر قانونی دکا نیں مارکیٹیں پلازے شورومز وغیرہ بلڈوز کرنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ۔ اڈا گوندلانوالہ تانگہ سٹینڈز جی ٹی روڈ و دیگر علاقوں میں لیز کے نام پر کوڑیوں کے بھاؤ حاصل کی گئی قیمتی اراضی کو واگزار کرایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سابق قلعہ دیدار سنگھ ٹاؤن کے دور میں تانگہ سٹینڈز چوک گوندلانوالہ اڈا جی ٹی روڈ اور لوہیانوالہ بائی پاس پر ٹرک سٹینڈ کی اراضی سمیت دیگر علاقوں میں اربوں روپے مالیتی سرکاری اراضی پر لینڈ مافیا اور قبضہ گروپوں نے قبضے کر کے غیر قانونی تعمیرات کر رکھی ہیں جنہیں خالی کروانے کیلئے بلڈوز کرنیکا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں شہر بھر میں جگہ جگہ قائم تمام غیر قانونی ویگن اور بس اڈوں کو ختم کرانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر جلد آپریشن ہونیکا امکان ہے جس کیلئے انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ شہر و گردونواح میں تقریباً سو سے زائد غیر قانونی ویگن سٹینڈز و دیگر اڈوں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو رہا ہے ۔ حکومت نے تمام اڈوں کو شہر سے باہر نکالنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں ۔
Load/Hide Comments