معذوروں کا عالمی دن، گوجرانوالہ میں حکومت کی جانب سے معذوروں کیلئے ماڈل پروگرام تشکیل دینے کا اعلان

چیئرمین ہلال احمر /ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ر ائے منظور حسین ناصر نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں جسمانی کمزوری کے ساتھ ساتھ بے شمار خوبیوں سے نواز ا ہے ان خوبیوں میں نکھار پیدا کرکے ان کو معاشرے کا فعال اور مفید شہری بنایا جاسکتا ہے ، ضلعی انتظامیہ اور ہلال احمر ملکر گوجرانوالہ میں معذور افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ایک مثالی ماڈل پروگرام تشکیل دینگے جس کا کامیابی سے نفاذ کیا جائے اس ماڈل کی ملک بھر میں تقلید کی جائے گی اور ایک سال کی مختصر مدت میں معذوروں کے مسائل اور مشکلات کے ازالہ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گئے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمر پاکستان اور ایوان صنعت وتجارت گوجرانوالہ کے اشتراک سے عالمی یوم برائے معذور افراد کے سلسلہ میں ڈی سی کالونی کے کمیونٹی سنٹر ہال گوجرانوالہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی، اسسٹنٹ کمشنر صدر حناارشد، صدر چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاصم انیس، موٹیویشنل اسپیکر سعدیہ زمان،ڈی ایچ او ڈاکٹر صاحبزادہ فرید، ڈی او ہلال احمر بلال عنایت بٹ ، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر غیاث ، ممبران ہلال احمر کمیٹی کلثوم نواز ،ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، رہنما معذور ایسوسی ایشن شیخ محمد زبیراور شیخ آصف کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین ، حضرات اور معذور افراد نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی ۔
ڈی سی گوجرانوالہ رائے منظور حسین ناصر نے کہاکہ ہلال احمر گوجرانوالہ کو بھر پور فعال بنایا جائے گا اور اس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور زبانی دعوو¿ں کی بجائے کام کرکے دکھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ تمام انسانوں کو بہترین سانچے میں پیدا کیا ہے اور ہر ایک کی تخلیق کا ایک مقصد ہے اور اگر اس مقصد کو تلاش کرلیا جائے تو یہ معذوری ایک طاقت اور جذبے میں تبدیل کی جاسکتی ہے ۔ ڈی سی رائے منظور حسین ناصر نے سعدیہ زمان کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کا جذبہ اور حوصلہ قابل تحسین ہے اگر ان کی طرح دیگر معذور افراد حوصلے اور عزم کا اظہار کریں تو وہ اپنی بہت ساری محرومیوں پر قابو پاسکتے ہیں ۔
چیئرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہلال احمر پاکستان ملک کے 100اضلاع میں انسانی خدمت انجام دینے والی ملک کی سب سے بڑی رفاحی تنظیم ہیںجو حادثات میں فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے علاوہ فری ایمبولنس سروس ، بلڈ بینک اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ حصہ لے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہلال احمر پاکستان ،ملک کے 20ہزارتنظیم اتحاد المدارس میں زیر تعلیم 26لاکھ طلبہ ، سکولوں ، کالجوں اور پریس کلب کے اراکین کو ملا کر 30لاکھ افراد میثاق انسانیت کے تحت ہلال احمر کی رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کی سطح پر بلڈ بینک کا قیام ، فرسٹ ایڈ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کیلئے کمیونٹی کو تیار کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں 2ہزار افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ریسکیو1122کے ساتھ ملکر کام کرنے کا ارادہ ہے ۔ تقریب میں لمز یونیورسٹی کی طالب علم فیض ارباب کی جانب سے معذور افراد کیلئے الیکٹرک سمارٹ ویل چیئرز کی نمائش کی گئی اور اس کی فنکشن کے بارے میں حاضرین کو بریفنگ دی ۔ آخر میں ڈی سی گوجرانوالہ رائے منظور حسین رائے اور چیئرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی نے معذور افراد میں 100وہیل چیئرز اورٹرائی سائیکلز تقسیم کیں ۔ اس موقع پر معذور بچوں نے ملی نغموں پر ٹیبلو شو پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں