جی ٹی روڈ کو ماڈل شاہراہ بنانے کا فیصلہ ،سگنلز فعال ، تجاوزات ختم کر دی جائیں گی تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنا ٹریفک پولیس کے لئے چیلنج بن گیا ہے ، ٹریفک قوانین کی پابندی نہ ہونے کی وجہ سے حادثات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے جبکہ جی ٹی روڈ پر رکشہ سٹینڈ سمیت سیکڑوں کی تعداد میں ریڑھیاں لگی ہوئی ہیں جو کہ حادثات کا سبب بنتی ہیں
چیف ٹریفک آفیسر غلام عباس تارڑ نے جی نیوز کو بتایا کہ جی ٹی روڈ کو ماڈل روڈ بنایا جائے گا ، غیر ضروری ڈیوائیڈر ختم کر دیئے جائیں گے ، جی ٹی روڈ پر کوئی رکشہ سٹینڈ ہو گا نہ کسی کو ریڑھی لگانے کی اجازت ہو گی ، اس کے علاوہ بغیرہیلمٹ ،غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور بغیر لائسنس گاڑی اورموٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہو گی۔ علاوہ ازیں کمشنر اسداﷲ فیض نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کو خوبصورت اور ماڈل روڈ بنانے کے لئے کارپوریشن، جی ڈی اے، گیپکو، سو ئی گیس اور محکمہ ہائی ویز پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ایک ہفتہ کے اندرجامع پلان اورٹائم فریم تیار کرکے رپورٹ کرے گی
۔وہ اپنے دفتر میں جی ٹی روڈ کی روڈ انجینئرنگ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطا ب کررہے تھے ۔ کمشنر نے کہاکہ شہر کے ساتوں ٹریفک سگنلز کو فنکشنل کیا جائے اور اس میں پائی جانے والی رکاوٹوں کا ازالہ کیا جائے تاکہ ٹریفک سسٹم کو بہتر کیا جاسکے ۔ انہوں نے میئر کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ جی ٹی روڈ سے نا جائز تجاوزات، سلوموونگ ٹریفک، ریڑھی بانوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں مزید مویشیوں کے انخلاء کیلئے بھی مناسب بند وبست کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ شہر کے انڈر پاسز کو بھی چالو کریں اور اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کریں انفورسمنٹ ٹیموں کو فعال بنائیں ۔ انہوں نے سی ٹی او کو ہدایت کی کہ جی ٹی روڈ پر قائم سکولوں کے چھٹی کے اوقات کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے سڑک کوون وے کر یں تاکہ شہریوں کو گزر نے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Load/Hide Comments