نیشنل ووٹرز ڈے: گفٹ یونیورسٹی میں میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار کا انعقادکیا گیا

نیشنل ووٹرز ڈے کے موقع پر گفٹ یونیورسٹی میں میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عرفان کوثر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہر سال سات دسمبر کو ملک بھر میں نیشنل ووٹرز ڈے منایا جاتا ہے تاکہ ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔ سینئرممبر ڈسٹرکٹ بار وسیم چغتائی نے کہا کہ ووٹ دینا ہماری قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ووٹ کا حق استعمال کرنے والی قومیں ہی اپنے حقیقح نمائندے منتخب کرتی ہیں جس سے ملک ترقی کرتا ہے۔ اقلیتی رہنماء عمانوئیل شاد مٹو نے شرکاء طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کریں۔
سینئر صحافی احتشام شامی نے شرکاء کو بتایا کہ ووٹ دینے سے ہی ملک میں جمہوریت کا استحکام ممکن ہے اور ہمارا میڈیا ووٹنگ ٹرن آؤٹ بڑھانے کیلئے ہر ممکن آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ طاہر ملک کا کہنا تھا کہ جب تک ہم مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تعلیمی اداروں میں ووٹنگ سے متعلق طلبہ کو معلومات فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔ نیشنل میڈیا فورم کی صدر امیرا شوکت نے ووٹنگ میں خواتین کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ سیمینار سے لیکچرار وقاص محمود، استحسان بٹ، سانیہ فاروقی، میمونہ احمد اور ماریہ نے بھی خطاب کیا۔ واضح رہے کہ آج یونیورسٹی میں ووٹرز ڈے کی مناسبت سے آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں