وزیراعظم شیلٹر ہومز پروگرام، گوجرانوالہ ڈویژن میں ایک بھی پناہ گاہ نہ بن سکی

وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ کے اعلانات کے باوجود گوجرانوالہ ڈویژن میں بے گھر لوگوں کیلئے شیلٹر ہومز کا منصوبہ شروع نہ ہو سکا حالیہ انتخابات میں گوجرانوالہ ڈویژن میں پی ٹی آئی کوشکست کا سامنا کرنا پڑا تھا بالخصوص گوجرانوالہ ضلع میں ایک بھی نشست نہیں ملی تھی جس کی وجہ سے حکومت نے شیلٹر ہومز کے قیام کے معاملہ میں گوجرانوالہ ڈویژن کو نظر انداز کررکھا ہے
شیلٹر ہومز نہ ہونے سے درجنوں افراد سردی سے ٹھٹھرتے ہوئے بازاروں ،گلیوں اور پارکوں میں راتیں گزارنے پر مجبور ہیں بیشتر متاثرہ لوگ سخت سردی سے بچنے کیلئے مساجد میں قیام کرنے لگے ہیں جبکہ بعض بے سہارا افراد نے ویران علاقوں میں بوسیدہ پرانی چادروں، بینروں کو جوڑ کر خیمے لگا لئے ہیں
گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع میں فری رہائش اورکھانے پینے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے شیلٹر ہومز اور تمام لاری اڈوں میں مسافر خانے قائم کرنے کی منظوری دی گئی تھی جس کیلئے کمشنراسد اللہ فیض نے باقاعدہ کام شروع کردیا اور ہدایت جاری کی تھی کہ سستے اور رمضان بازار وں کے سامان کو شیلٹر ہومز اور مسافر خانوں میں استعمال کیاجائے
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبا زشریف نے سستے اور رمضان بازاروں کے قیام کیلئے سائبان ،قناطیں ،فرنیچر وغیرہ مہیا کیا تھا اس سامان کو نئے قائم ہونے والے شیلٹرہومز اور مسافر خانوں میں استعمال کرنے کامنصوبہ بنایا گیا تھا مگر پنجاب کے دیگر اضلاع میں پناہ گاہیں قائم کردی گئیں لیکن گوجرانوالہ ڈویژن کے کسی بھی شہر میں شیلٹر ہومز کے قیام کے حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوسکا بے سہارا شہریوں کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کو شکست کی سزا بے سہارا افراد کو دی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں