ڈپٹی کمشنر رائے منظور ناصر سے ضلع گوجرانوالہ کی نمائندہ تاجر تنظیموں کے عہدیداران کی ملاقات ،تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا اور ضلع کی بہتری اور عوام الناس کی فلاح کے منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ۔ تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے انہیں گوجرانوالہ تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔
تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے وفد کی سربراہی صدر مرکزی انجمن تاجران حاجی عبدالرؤف مغل نے کی ،دیگر نمائندوں میں (نصراللہ بٹ،ماجد عرفان صدیقی،سرفراز احمد بسراء،میاں محمد عامر،تنویر بشیر کمبوہ،توصیف کمبوہ،مقصود احمد مغل،رانا سمیع باسط ،خالد اسلام،طلعت محمود،عبدالغفور،شیخ محمد اشرف،محمد امین شاہد،اعجاز احمد چشتی،احمد شہزاد،طارق ممود،چوہدری محمد سلیم،میاں زاہد ممتاز،محمد سعید ،میاں عتیق یوسف ضیاء،محمد اقبال)اور دیگر شریک تھے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رائے منظور ناصر نے کہا کہ وہ ضلع میں جب تک رہیں گے عوام کی فلاح و بہبود اور ضلع گوجرانوالہ کی اچھی پہچان ملک اور دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔حالیہ انسداد تجاوزات آپریشن میں بے دخل ہونے والے تاجروں ، ریڑھی بانوں اور ٹھیلے والوں کی ہر ممکن معاونت کے لیے اقدامات بروئے کار لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی پہچان میں ایک مثبت پہچان گوجرانوالہ کے لذیذ کھانے ہیں جبکہ دوسری طرف شہر میں پھیلی ہوئی گندگی ہے جو شہر کی خوبصورتی پر بد نما داغ ہے اس منفی پہچان کو صاف ستھرے گوجرانوالہ میں بدل کر مثبت پہچان میں بدلا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ گورننس ماڈل پر کام جاری ہے اس سلسلہ میں سرکاری سکولوں کے طلباء اور اساتذہ کے لیے (میٹرک میں پہلی پوزیشن ہولڈر کے لیے 1کروڑ،مڈل اور پرائمری کے پوزیشن ہولڈر کے لیے 10لاکھ )کے انعامات کا اعلان اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور جہاں وہ مسائل کی نشاندہی کریں گے ان پر فوری ایکشن لیا جائے گا،تاجر برادری سے مل کر شہر اور ضلع کو بہتر حالت میں لائیں گے ۔انہوں نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شروع کی گئی انسداد تجاوزات مہم میں واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی کے ایک ایک انچ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں سے واگزار کروائی گئی اراضی کا موجودہ سٹیٹس پر بھی رپورٹ طلب کی ہے تا کہ درست حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مختلف ذرائع سے واگزار کروائی گئی سرکاری پراپرٹی کی جانچ پڑتال کروائیں گے اور جہاں حقائق چھپائے گئے ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔گوجرانوالہ ضلع اور شہر میں بہت صلاحیت موجود ہے انہیں نکھارنے اور اُجاگر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور ضلع کو گورننس اور کارکردگی کے لحاظ سے پنجاب اور پاکستان میں پہلے نمبر پر لایا جائے گا ۔انہوں نے تاجر تنظیموں کی درخواست پر انسداد تجاوزات آپریشن میں متاثر ہونے والے ریڑھی بانوں کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں کلسٹر سینٹرز بنانے کی تجویز کو سراہا اور اس سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کر دی جو مناسب جگہ کا تعین کرتے ہوئے رپورٹ کرے گی تا کہ بے روزگار ہونے والے افراد کو با عزت روز گار کا ذریعہ بھی میسر آ سکے اور ٹریفک بھی بغیر کسی رکاوٹ کے رواں دواں رہے ۔
تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی طرف سے اجلاس میں اجاگر کیے گئے شہری مسائل ،تجاویز اور حل کے لیے متعلقہ افسران کو بھی احکامات جاری کیے گئے۔تاجر اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی کہ اندرون شہر میں واقع فائر بریگیڈ کی پرانی عمارت کو پارکنگ کے لیے مختص کیا جائے اور اندرون شہر کے بازاروں سے عارضی اور پختہ تجاوزات ختم کیے جائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کھیالی شاہ پور کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں اور شہر میں صفائی ستھرائی اور ٹریفک کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے طویل المدت منصوبہ بندی کی جائے ۔
Load/Hide Comments