کیا آپ کو خوفناک یا ہارر فلمیں دیکھنے کا شوق ہے ؟ اگر ہاں تو یہ عادت آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ دلچسپ دعویٰ ہالینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
ڈچ محققین نے خبردار کیا ہے کہ خوفناک فلمیں خون کو گاڑھا یا جما سکتی ہیں اور صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہیں۔
لاڈین یونیورسٹی کی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہارر فلموں سے جسم میں خون کو گاڑھا کرنے والے پروٹین کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کے نتیجے میں خون کی رکاوٹ کا خطرہ 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جو ہارٹ اٹیک یا فالج کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
تحقیق کے دوران دہشت اور خون کے جمنے کے تعلق کو جانچنے کے لیے 24 صحت مند رضاکاروں پر تجربات کیے گئے جن میں سے 14 کو پہلے ایک ہارر اور پھر تعلیمی فلم جبکہ دیگر کو پہلے تعلیمی اور پھر خوفناک فلم دکھائی گئی۔
اس سے معلوم ہوا کہ پہلے ہارر فلم دکھانے سے خون میں اس پروٹین کی مقدار میں اوسطاً 57 فیصد تک اضافہ ہوا جو خون کی رکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق میں دریافت ہوا ہے کہ ‘خون منجمند’ کردینے والی فلمیں شریانوں میں رکاوٹ کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔
یہ تحقیق طبی جریدے بی ایم جے میں شائع ہوئی۔