2018 میں گوجرانوالہ کی عدالتوں نے کتنے مجرمان اور سزائے موت کا حکم سنایا؟ دیگر ملزمان اور انکے مقدمات کے حوالے سے اہم تفصیلات جان لیں

سیشن کورٹس سے 2018 میں 22 مجرموں کو سزائے موت کے احکامات دئیے گئے ، قتل ، اقدام قتل ، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین اور معمولی نوعیت کے مقدمات میں 12ہزار 351ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے بھجوایا گیا ، 1مجرم کو سنٹرل جیل میں پھانسی دی گئی ، اعلیٰ عدالتوں سے سزائے موت کے مجرموں کی اپیلوں میں 52سزائے موت کے قیدی بری ہوئے ، 23سزائے موت کے قیدیوں کی سزا عمر قید میں تبدیل کی گئی ، مخیر حضرات نے 110قیدیوں کو 21لاکھ 21ہزار 700روپے جمع کرواکے رہائی دلوائی ، 9ہزار کے قریب ملزمان کی ضمانتیں اور بریت وغیرہ ہوئی۔
2018میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں سمیت ضلع بھر کی سیشن عدالتوں سے قتل ، اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں مجموعی طور پر 22مجرموں کو سزائے موت سنائی ، سال رواں میں سلاخوں کے پیچھے بند 1 مجرم کو پھانسی دی گئی ۔سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل چوہدری اصغر علی نے دنیا کو بتایا کہ مختلف جرائم میں جیل میں بند ایسے مجرم جو جرمانہ اور دیت وغیرہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے رہا نہیں ہو سکتے تھے اور ان مجرموں کے گھر والوں سمیت مجرموں نے رہائی کے لئے رقم مخیر حضرات کے ذریعے جمع کروانے کی درخواستیں دی تھی۔
جیل حکام اور مخیر حضرات کی کوششوں سے سال رواں میں مجموعی طور پر 21لاکھ 21ہزار 7سو روپے جرمانہ خزانہ میں جمع کروایا گیا جس کی وجہ سے 110مجرموں کو رہائی نصیب ہوئی۔انکا کہنا تھا کہ سال روں میں صرف ایک مجرم کو پھانسی دی گئی ۔ لڑکیوں کے اغواء ، قتل ، منشیات فروشی ، اغواء برائے تاوان ڈکیتی راہزنی اور چوری سمیت دیگر سنگین اور معمولی نوعیت کے جرام میں 2018میں 12 ہزار 351 ملزمان کو جوڈیشل احکامات پر جیل بھجوایا گیا جن میں سے 9ہزار سے زائد اسیروں کی ضمانتیں مجاز عدالتوں کی جانب سے منظور ہونے کے باعث ضمانتوں پر رہا کیا گیا۔
وکلاء کی جانب سے عدالتوں کی ایک ماہ کی تالابندی کی وجہ سے ملزمان کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا جو 3ہزار 3سو 56تک جا پہنچی ، سیشن جج راؤ عبدالجبار ، ایڈیشنل سیشن جج عبدالرحمان محمد عارف اور دیگر جوڈیشل افسران نے جیل دوروں میں چار سو سے زائد ملزمان کی ضمانتیں لیں کئی ایک کو انکے ذاتی مچلکوں پررہا کیا گیا ، عدالتوں کی تالا بندی ختم ہونے کی وجہ سے ملزمان کی تعداد میں 15روز میں ریکارڈ کمی ہوئی ، تعداد 2ہزار 5سو سے زا ئد ملزم جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں