گوجرانوالہ: کسٹمز اور دیگر ادارے ناکام، شہر بھر میں اسمگل شدہ سامان کی بھرمار، حکومت کو کروڑوں کا نقصان

کسٹمز سمیت تمام سرکاری ادارے غیرملکی سمگل شدہ اشیاء کی فروخت رکوانے میں بری طرح ناکام ہوگئے ،گورنمنٹ کو کروڑوں روپے کا نقصان ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے احکامات پر ریجنل ٹیکس ڈائریکٹوریٹس نے گوجرانوالہ ڈویژن میں سمگل شدہ سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ غیرقانونی فیکٹریوں و بڑے گوداموں پرچھاپے مارے جائیں گے اور غیرملکی سگریٹ، گٹکا، سپاریاں،کپڑا ،دھاگہ اور الیکٹرانکس کا سامان وغیرہ قبضے میں لے کر ڈیلروں و دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے کئے جانے والے سروے کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال کے اضلاع میں ایسی کمپنیاں کام کررہی ہیں جوکہ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس میں رجسٹرڈ نہیں اور مقامی سطح پر سگریٹ تیار کرکے مارکیٹ میں فروخت کررہی ہیں۔
اس کے علاوہ کسٹم اینٹی سمگلنگ و کسٹم انٹیلی جنس حکام کی مبینہ ملی بھگت سے غیرملکی سگریٹ ،کپڑا،دھاگہ ،الیکٹرانکس کا سامان غیرقانونی راستوں سے لاکر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی چوری کی جارہی ہے جس سے ملکی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے ۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرون شہر گوجرانوالہ کے علاقوں ریل بازار، دال بازار، بازار الماریاں، ٹرسٹ پلازہ، سوئی گیس روڈ، گھوڑ دوڑ روڈ، جناح روڈ، گکھڑمنڈی، سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ،پیپلز کالونی اور شہر کے گردونواح کے علاقوں میں مقامی اور سمگل شدہ سگریٹ کی خریدوفروخت کا دھندا کیا جاتا ہے ۔ جہاں گوداموں میں کروڑوں روپے مالیت کے غیر قانونی سمگل شدہ سگریٹ و دیگر سامان سٹاک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں