میئر گوجرانوالہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں عروج پر، لیگی چیئرمین بھی مان گئے، اپوزیشن کا دعویٰ

میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے میئرکیخلاف تحریک عدم اعتمادلانے کیلئے مسلم لیگ ن مخالف سیاسی جماعت سے وابستہ بلدیاتی نمائندوں نے سرجوڑلئے ، عدم اعتماد لانے کی تیاریاں کرنے والے گروپ نے تحریک انصاف ،آزاد یوسی چیئرمینز اور مسلم لیگ ن کے ناراض بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل34 ارکان ہونے کا دعویٰ کردیا ، مسلم لیگ ن سے وابستہ متعددبلدیاتی نمائندوں نے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے مکمل تعاون کایقین دلایا ہے ۔ اپوزیشن ممبر میونسپل کارپوریشن محمدیحیی بٹ نے الزام عائد کیا کہ میئر شیخ ثروت اکرام کی مبینہ سربراہی میں پارٹی سٹینڈکمرشلائزیشن،سائیکل سٹینڈزکے ٹھیکہ جات میں اقرباپروری سمیت ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزکی بندر بانٹ اورغیرمعیاری میٹریل کے استعمال سے بلدیہ خزانے کوبے دریغ لوٹا گیا ۔اپوزیشن کے یوسی چیئرمینوں کا اجلاس گزشتہ روز یحیی بٹ کی صدارت میں ہوا جس میں شرکا نے اس امر کا اظہار کیاکہ میئرکیخلاف عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے مسلم لیگ ن سمیت آزادحیثیت سے کامیاب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ اجلاس میں صابرمحمودعلی بٹ، رضوان چیمہ،چو دھری جاوید مہر، صابر شاہ، اشعر رشید بٹ،مدثرمہر،آصف مہرخواتین ممبر زبیدہ احسان چو دھری،مسزامان اﷲ بٹ، ملک وسیم باری، میاں سہیل ریاض سمیت متعددنے شرکت کی ۔ میئر میونسپل کارپوریشن شیخ ثروت اکرام کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر تمام چیئر مین متحد ہیں ،93میں سے 87ممبر ہمارے ساتھ ہیں ، چند سازشی عناصر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے عدم اعتماد کے خواہشمند ناکام ہونگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں