وزیر اعلیٰ پنجاب کا گوجرانوالہ کا اچانک دورہ، ڈپٹی کمشنر سمیت بڑے افسران معطل اور تبادلے، مکمل تفصیلات جانیں

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج گوجرانوالہ اورحافظ آباد کے دورے کیے۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ٹیچنگ ہسپتال،گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر،ماڈل پولیس سٹیشن ماڈل ٹاؤن اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کا دورہ کیاجبکہ شہر کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اورصفائی کی ابتر صورتحال اورفرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ رائے منظور ناصر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے تبادلہ کرنے کا حکم دیا ۔وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں سابق دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل گو جرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو معطل کرنے کا حکم دیا اورکرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلی معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ نے ٹیچنگ ہسپتال کے دورے اورسرکٹ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس کے دوران ہیلتھ کےئر کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جبکہ واسا میں ماضی کے دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے اہلکاروں اور افسروں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔ قوم کے کل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں اور ملک میں امن ان شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کے بچوں سے ملاقات کی اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز میں ریسورس مینجمنٹ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ریسورس مینجمنٹ سینٹر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ ٹراما سینٹر، گائنی وارڈ، ان ڈور وارڈز اور مختلف شعبو ں میں گئے۔ وزیراعلیٰ نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں