گوجرانوالہ میں خواتین اور کم عمر پیشہ ور بھکاریوں کی بھرمار ہے جبکہ مافیا میں ملوث افراد بچوں کی خریدو فروخت میں بھی ملوث ہیں اور شہر کے اہم مقامات پر بھکاریوں کو کھڑا کرنے کے ریٹ مقرر کئے جاتے ہیں جس پر متعلقہ اداروں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں بھکاریوں کی بھرمار ہے اوربھکاری مافیا کم عمر بچوں کی خریدو فروخت کر کے انہیں مختلف علاقوں میں بھجواتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا نے شہر اور گردو نواح میں مخصوص پوائنٹس بنا رکھے ہیں اوراس مافیا نے شہربھر میں اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں، سیالکوٹی دروازہ ، ریل بازار ، لاہوری دروازہ ، صرافہ بازار ، لاری اڈا ، سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ ، ماڈل ٹاؤن مارکیٹ اور تعلیمی اداروں کے اردگرد سب سے زیادہ بھکاری ہوتے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے ، بھکاری خواتین بچوں کو سیرپ پلا کر یا انجکشن لگا کر بے ہوش کرنے کے بعد انہیں کسی ٹوکری میں ڈال کر بھیک مانگتی ہیں۔
گوجرانوالہ میں ایک سال قبل بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا لیکن عملدرآمد نہ ہو سکا ، شہریوں نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف فوری آپریشن کرنے کا مطالبہ کیاہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کے خلاف آئندہ ہفتے آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
Load/Hide Comments