اندھیرے میں ڈوبا گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن مسائل کا گڑھ بن گیا، باتھ رومز بھی بند ہوگئے، مسافروں کومشکلات کاسامنا

سخت سردی میں مسافروں کو ریلوے سٹیشن پر مسائل کا سامنا ہے اور باتھ رومز بند ہونے کے باعث مسافر وں کورفع حاجت کیلئے بھی جگہ دستیاب نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن پر روزانہ 20سے زائد ریل گاڑیوں کی آمدو رفت ہوتی ہے اور 3000 ہزار سے زائد مسافر گوجرانوالہ سے ملک کے دیگر شہروں کا سفر کرتے ہیں۔مسافر ٹرین کے انتظار میں سخت سردی میں کھڑے رہتے ہیں۔ سٹیشن پر جو ایک باتھ روم تھا وہ بھی ختم کر دیا گیا ہے ۔ریلوے سٹیشن پر لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے رات کے وقت سٹیشن اندھیرے میں ڈوب جا تا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے اور وہ سخت سردی میں ٹرین کے انتظار میں کھڑے رہتے ہیں جبکہ ریلوے سٹیشن پر بنائے جانیوالے انتظار گاہ والے کمرے کے باہر تالہ لگا ہوتا ہے ۔ ریل گاڑیوں کے باتھ رومز استعمال کے قابل نہیں ہیں ،اگر ریلوے سٹیشن پر باتھ رومز بنا دیئے جائیں تو مشکلات کم ہو جائیں گی ۔ دوسری طرف ریلو ے سٹیشن حکام کا کہنا ہے کہ سٹیشن کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے اورسٹیشن پر چھ واش رومز بنائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں