گوجرانوالہ میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی بھرمار، گاڑیوں سے بھتہ لینے کا بھی انکشاف

گوجرانوالہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی بھر مار ہے اور بااثر سٹینڈ مافیا کے سامنے ضلعی انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی بن ہوئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر بسوں اور ویگنوں سے بھتہ لینے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے غیر قانونی سٹینڈ ختم کروا کر پرچی مافیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاؤن ، سول لائن ، سبزی منڈی ، کھیالی ، کینٹ اور صدر سمیت متعدد تھانوں کی حدود میں قانو ن کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بااثر افراد نے پلازوں ، مارکیٹوں اور پارکوں کے سامنے غنڈہ عناصر کو بٹھا دیا ہے جو شہریوں کو زبردستی بیس سے تیس روپے تک کی پرچی تھما دیتے ہیں جبکہ متعدد بار پارکنگ سٹینڈز کے عملہ نے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے لیکن پولیس ، کارپوریشن اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ، دوسری طرف یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ کے مختلف مقامات پر بااثر افراد زبردستی بسوں اور ویگنوں سے پرچی کی صورت میں بھتہ وصول کرتے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پارکنگ سٹینڈ پولیس کی پشت پناہی سے لگتے ہیں ، اس سلسلہ میں پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی وجہ سے پارکنگ سٹینڈز کا ہونا ضرروی ہے ،شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے پرچی مافیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں