کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض نے کہا ہے کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں سے مریضوں کا غیر ضروری رش کم کرنے کے لئے مربوط ریفرل میکانزم وضع کیا جائے گا اس مقصد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں ایک فلٹر کلینک کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ ایسے غیر ضروری مریضوں کی روک تھام کی جاسکے۔ اسکے علاوہ مریضوں کے ریفرل سسٹم کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے سیالکوٹ کی طرز پر موبائل ایپ کو ڈویژن کے دیگر اضلاع کے لئے رو ل ماڈل بنایا جائے گا تاکہ سسٹم میں پاِلی جانے والی خامیوں کا ازالہ کرکے عوام الناس کو علاج معالحہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پر مریضوں کے غیر ضروری بوجھ کو کم کرنے کے اقدامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔قائم مقام ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کنول بتول‘ اسسٹنٹ کمشنر جنرل تنویر یسین‘ اے سی(سٹی) طارق بھٹی‘ سی ای او ڈی ایچ اے ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سہیل‘ ڈی ایچ او صاحبزادہ فرید‘ قائم مقام ایم ایس ڈاکٹر گلزار احمد‘ نمائند ہ میڈیکل کالج ڈاکٹر فضل الرحمن و دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے جبکہ ڈویژن کے د یگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اللہ فیض نے کہا کہ حکومت مریضوں کو بہترسہولیات کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی خطیر رقم فراہم کر رہی ہے اب محکمہ صحت کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں پر لوگوں کا اعتماد بحال کریں اور انہیں بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کریں۔
کمشنر نے کہا کہ بڑھتی ہو ئی آبادی کے پیش نظر شہر کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کارش بڑھ رہا ہے کیونکہ چھوٹے ہسپتالوں سے بلاوجہ مریض بڑے ہسپتالوں میں منتقل کئے جاتے ہیں جبکہ چھوٹے ہسپتالوں میں بھی صحت کی بہتر سہو لیات میسر ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گجرات نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہو ئے بتایاکہ گجرات میں مریضوں کے ریفرل سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے ضلع میں ایک ریفرل فارم تشکیل دیا ہے جس سے ایک ایس او پی کے مطابق مریض کو بڑے ہسپتال میں ریفر کیا جاتا ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ وہی مریض ریفر کیا جائے جو ضروری ہو اور اس کا فیڈ بیک بھی دیا جاتا ہے اس کے بعد اس مریض کاچھوٹے ہسپتالوں میں فالو اپ بھی کیا جاتا ہے۔ ا س مقصد کیلئے تمام ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ بھی کروائی جار ہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید بلال حیدر نے بتایاکہ مریضوں کے ریفرل سسٹم کیلئے ایک موبائل ایپ وضع کیاگیا ہے جس کے تحت مریضوں کے ریفرل سسٹم کو مضبوط اور بہتر بنایا جاسکے گا۔ اس ایپ کے تحت ریفر مریض کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ اس پر دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنا اپنا فیڈ بیک بھی دیا۔
Load/Hide Comments