گوجرانوالہ کے بازاروں میں تجاوزات دوبارہ قائم ہوگئیں

تجاوزات کے خلاف آپریشن رکتے ہی گوجرانوالہ کے بازاروں میں دوبارہ تجاوزات قائم ہو گئیں ،بازار سکڑنے لگے ،پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے جگہ کم ہو گئی ہے جبکہ بازار میں آنے والی خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تجاوزات اور سرکاری اراضی پرقبضے کے خلاف آپریشن یکم اکتوبر2018 کو چند داقلعہ بائی پاس سے شروع ہوا تھااورآپریشن کے دوران سڑکوں کے دونوں اطراف میں لگے عارضی ٹھیلے اور پختہ دکانیں جو کہ سرکاری اراضی پر قائم تھیں ان کو بھاری مشینری سے گرایا گیا تھا ۔بازاروں میں ٹھیلے ختم کئے گئے اور جن بازاروں میں دکانداروں نے اپنی دکانوں کے سامنے عارضی ٹھیلے لگا رکھے تھے ان کو بھی انتظامیہ نے آپریشن کر کے ختم کروا دیا تھا لیکن جس جگہ انتظامیہ نے آپریشن کر کے تجاوزات کو ختم کیا وہاں دوبارہ سے لوگوں نے عارضی ٹھیلے اور تجاوزات قائم کر لی ہیں،سڑک کنارے دوبارہ سے ریڑھیاں اور ٹھیلے لگا لئے گئے ہیں ۔ریل بازار ،دال بازار ،بازار الماریاں سمیت اندرون بازار میں دکانوں کے سامنے دوبارہ سے ٹھیلے لگ گئے ہیں اوران پر سبزی ،دالیں ،مرچ مصالحہ جات سمیت کئی اشیا فروخت کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے بازار میں سے موٹر سائیکل تو دور کی بات پیدل گزرنے والوں کے لیے بھی راستہ نہیں رہا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کو کامیاب قرار دیا جا رہا ہے لیکن لوگوں نے دوبارہ سے دکانوں کے سامنے سرکاری اراضی پر تجاوزات قائم کر لی ہیں۔بازار میں راستے اس قدرسکڑ چکے ہیں کہ پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے ۔ انتظامیہ ان تجاوزات کے خلاف دوبارہ ایکشن لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں