ویسے تو کہا جاتا ہے کہ مکھن کا بہت زیادہ استعمال کولیسٹرول کی سطح بڑھانے سمیت دیگر طبی مسائل کا باعث بنتا ہے مگر یہ ذیابیطس سے تحفظ بھی فراہم کرسکتا ہے۔
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
این ایم ایم ایف ریسرچ سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سیچوریٹڈ فیٹ کی ایک قسم ہیپٹاڈیکانوک ایسڈ انسانوں میں ذیابیطس سے قبل کی علامات کو ریورس کرنے میں مدگار ثابت ہوسکتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مکھن کا استعمال درحقیقت صحت کے لیے بہتر ہوتا ہے کیونکہ یہ ذیابیطس جیسے جان لیوا مرض سے تحفظ دیتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہیپٹاڈیکانوک ایسڈ انسولین لیول اور بلڈ گلوکوز کی سطح کو کم کرتا ہے جس سے ذیابیطس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
یہ جز عام طور پر دہی اور دودھ میں بھی پایا جاتا ہے تاہم اس کی زیادہ مقدار مکھن میں ہوتی ہے۔
محققین کے مطابق کم چربی یا فیٹ فری دودھ کی مصنوعات سے اس جز کی کمی ہوتی ہے جس کے نتیجے میں ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے 55 فیٹی ایسڈز کے نتائج کو ڈولفن مچھلیوں پر آزمایا جس کے بعد یہ نتائج سامنے آئے۔
تاہم ان کا کہنا ہے کہ مکھن کو اپنی غذا کا حصہ بنانے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا زیادہ بہتر ثابت ہوگا۔
یہ تحقیق طبی جریدے پلوس ون میں شائع ہوئی۔
بشکریہ ڈان نیوز