گیس کا کم پریشر شہریوں کیلئے دردسر بن گیا، شہریوں کی احتجاج کی دھمکی

گیس کا کم پریشر شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا،شہریوں نے سوئی گیس آفس کے باہر دھر نا دینے کی دھمکی دیدی ۔تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی کامونکی،وزیر آباد ، وحدت کالونی ،سیٹلائٹ ٹاؤن ، فرید ٹاؤن،گلشن کالونی،دھلے ،گرجا کھ،پیپلز کالونی ،کھیالی اور دیگر علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے شہریوں کو کھانا بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔صبح چھ بجے سے لے کر دس بجے تک گیس کا پریشر کم ہو تا ہے ، اسی طرح شام کو بھی گیس پریشر کم ہو جا تا ہے جبکہ بعض علاقوں میں گیس بالکل بھی نہیں آ رہی ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ جب بھی کھانا بنانے کا وقت ہو تا ہے گیس کا پریشر کم ہو جاتا ہے ۔ اگر گیس کا پریشر ٹھیک نہ ہوا تو سو ئی گیس آفس کے باہر دھر نا دینے پر مجبور ہو جائیں گے ۔دوسری طرف محکمہ سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ طلب زیادہ ہونے کی وجہ سے وقتی طور پر یشر کم ہو تا ہے ، جس علاقہ میں پریشر کم ہو تا ہے وہاں سوئی گیس کی ٹیم جاکر گیس کے کم پریشر کو ٹھیک کرتی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں