گوجرانوالہ میں سرامکس فیکٹریوں کو گیس بندش، مزدور سراپا احتجاج

سرامکس فیکٹریوں کو گیس کی بندش کے خلاف مزدوروں نے اٹاوہ کے قریب احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کردی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سرامکس انڈسٹری کو گیس نہ ملنے کے خلاف مزدوروں نے اٹاوہ کے قریب جی ٹی روڈ دونوں اطرف سے بند کر دیا جس سے بسوں، ویگنوں ،ٹرکوں و کاروں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ شرکا نے گو عمران گو کے نعرے لگائے اور سڑک پر لیٹ کر بھی احتجاج کیا۔ اس موقع پر صنعتکار عاطف لون نے کہا کہ سرامکس انڈسٹری کو گیس فراہم نہیں کی جارہی جس سے روزانہ کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے اور ایکسپورٹ آرڈرز رک گئے ہیں، گیس نہ ملنے پر گوجرانوالہ میں سرامکس انڈسٹری سے منسلک دس ہزار سے زائد مزدور بیروز گار ہو گئے ہیں، اس وقت 20 سرامکس فیکٹریاں مکمل طور پر بند جبکہ 100سے زائد عارضی طور پر بند پڑی ہیں۔ سرامکس انڈسٹری کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ، گیس کا ریٹ دن بدن بڑھایا جارہا ہے لیکن گیس نہیں مل رہی۔ غریبوں کے چولہے بند ہوچکے ہیں، ہماری اور کوئی ڈیمانڈ نہیں، ہمیں گیس دی جائے ورنہ ہم اسلام آباد جاکر بنی گالا کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں