پولیس کی ناقص کارکردگی، منشیات فروشوں کی عدم گرفتاری میں گوجرانوالہ پہلے نمبر پر

پنجاب بھر میں 2622 منشیات فروش نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے میں مصروف ہیں جبکہ پولیس حکام نے پنجاب کے تمام اضلاع سے بڑے منشیات فروشوں کی فہرستیں طلب کر لی ہیں ، گوجرانوالہ منشیات فروشوں کی عدم گرفتاری کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے ، گوجرانوالہ میں منشیات فروشوں کی تعداد 514 ،بہاولپور میں 473 جبکہ فیصل آباد 290 منشیات فروشوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔‘‘دنیا’’ کو موصول ہونے والی فہرست کے مطابق ڈویژن گوجرانوالہ میں 514 بڑے منشیات فروش کام کر رہے ہیں، بہاولپور میں 473 اور فیصل آباد میں منشیات فروشوں کی تعداد290 ہے ،لاہور 159، شیخوپورہ 244،راولپنڈی 229 ، سرگودھا 162، ساہیوال 119، ملتان 195اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 238 بڑے منشیات فروش نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں جبکہ منشیات فروش تعلیمی اداروں تک بھی پہنچ چکے ہیں ، ذرائع کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ چرس اور افیون کا دھندا کیا جاتا ہے اور نوجوانوں میں چرس کا استعمال زیادہ ہے ، اس کے علاوہ آئس کا نشہ بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے ، منشیات فروشوں کی پشت پناہی پولیس اہلکار کرتے ہیں اور متعدد پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج کرکے نوکری سے بھی فارغ کیا جا چکا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں