گوجرانوالہ: سی پی او آفس میں کھلی کچہری، شہریوں نے پولیس کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

سی پی او آفس میں کھلی کچہری میں سی پی او ڈاکٹر معین مسعوداور ڈی سی کنول بتول نے عوام کی شکایات سنیں ، شہریوں نے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقہ محلہ مڑیاں سمیت مختلف تھانوں کے علاقوں میں منشیات فروشی کی شکایت کی جبکہ گوندلانوالہ، شیرانوالہ پھاٹک پر قائم لنڈا بازار اور غیر قانونی رکشہ سٹینڈ کیخلاف بھی شہری پھٹ پڑے دوسری طرف ڈی سی کنول بتول نے شہری کی درخواست پر ہفتہ صفائی مہم کے آغاز کے احکامات جاری کیے ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ماتحت عملہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کروائیں گے ۔ علاوہ ازیں ریجنل پولیس افسر طارق عباس قریشی نے عوامی رابطہ مہم کے تحت اپنے آفس میں لگائی جانے والی کھلی کچہری میں عوامی شکایات کو سنااورازالہ کے لیے متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کیں ۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے تعاون کے بغیر پولیس کا وجود بے معنی ہے ۔شہریوں کا فرض ہے کہ جرائم پیشہ اور شر پسند عناصر کی نشاندہی کریں۔آر پی او نے درخواستوں پر متعلقہ ضلعی افسروں کو احکامات جاری کیے ۔بعد ازاں ڈاکٹر معین مسعود نے کہاکہ پتنگ بازی، آتش بازی ،ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ جان لیوا کھیل ہیں ۔کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ان خطرناک کھیلوں سے معصوم جانوں کونقصان پہنچائے ۔ ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے جامعہ مسجد زبیدہ شریف میں کھلی کچہری کے دوران نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے ساتھ ساتھ لائسنسی اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں