گوجرانوالہ: ٹیکس نادہندہ کاروباری مراکز سیل، غیر قانونی گیس ریفلنگ دکانوں کو تالے، مزید تفصیلات جان لیں

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس نادہندہ 21بڑے کاروباری مراکز کوسیل کردیاجبکہ ضلعی انتظامیہ نے غیرقانونی طورگیس ریفلنگ کرنیوالی 7دکانوں کوتالے لگادیئے ۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید احمد اور ایڈیشنل کمشنر پی آر اے سعدیہ اکمل کی ہدایت پر عملد رآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پی آر اے ذکا اللہ کی زیر نگرانی انفورسمنٹ آفیسرز علی رضا اور خالد ولید نے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے اور ماڈل ٹاؤن ، سیالکوٹی دروازہ ، چندا قلعہ ، تھانے والابازار اور جی ٹی روڈ پر واقع 6 بڑے ریسٹورنٹس ،8فش پوائنٹ اور 7 میرج ہالز کو سیل کر دیا ،ان تمام کاروباری مراکز کے ذمہ لاکھوں روپے کے واجبات تھے اور متعدد دفعہ نوٹسز ارسال کرنے کے باوجود وہ ٹیکس ادا نہیں کررہے تھے جبکہ درجنوں کاروباری مراکز کو حتمی نوٹس بھی جاری کئے گئے ۔دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر سٹی طارق حسین بھٹی نے تحصیلدار سٹی محمد شفیق چشتی کیساتھ سیٹلائٹ ٹاؤن،حیدری روڈ ،ماڈل ٹاؤن،جناح روڈ ، عرفات کالونی، فیروز والا روڈ، چھیچھر والی اور کچا ایمن آباد روڈپر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رہائشی علاقوں میں غیرقانونی طوپر گیس ریفلنگ کرنیوالی 7 دکانیں سیل کر دیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی طارق حسین بھٹی نے کہاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی،دکاندار غیر قانونی کاروبار بند کر دیں۔ذرائع کے مطابق غیرقانونی منی پٹرول پمپ اور پٹرول کی ایجنسیاں بھی سیل کی گئیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں