سرد موسم اور بارش، شہر بھر میں کشمیری چائے کی دوکانوں پر شہریو ں کا رش

شہر میں کشمیری چائے کی50 سے زیادہ دکانیں کھل گئی ہیں۔ پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ کے کھابے ہی مشہور نہیں، کشمیری چائے کا بھی ذائقہ لاجواب ہے ،سردی میں شہر یوں کا سبز چائے کی دکانوں پر رش لگا رہتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ، سیالکوٹی دروازے ، لاہوری دروازے ، گوندلانوالہ اڈہ، پیپلز کالونی، سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ، ماڈل ٹائون مارکیٹ سے ملنے والی کشمیری چائے کا لذت میں کوئی جواب نہیں۔جی ٹی روڈ پر متعدد دکانیں موجود ہیں جہاں کشمیری چائے پچاس روپے سے ایک سو روپے فی کپ میں دستیاب ہے ۔چائے لینے کے لئے کچھ دکانوں پر ٹوکن سسٹم رائج ہے ، جو پہلے آئے گا اس کو ہی پہلے گرما گرم چائے ملے گی، تاخیر سے آنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہی موسم تو کشمیری چائے سے لطف اندوز ہونے کا ہے ،سخت سردی میں دکان پر رش تھمنے کا نام ہی نہیں لیتا۔ شام ہوتے ہی دکانوں پر لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ آجاتے ہیں اور یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہتا ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ چائے کی تیاری میں گوجرانوالہ کے لوگوں کا خاص مزاج مدنظر رکھا جاتا ہے اور اگر کم کوالٹی کی چائے تیار کریں گے تو لوگ اسے پسند نہیں کریں گے ۔ دوسرے شہروں سے آنے والے افراد کا کہنا ہے کہ کشمیری چائے موسم سرما کا لاجواب تحفہ ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں