سی آئی اے پولیس نے ان تھک محنت کے بعد سسرالیوں کا گھر لوٹنے والا داماد گرفتار کر لیا۔ ملزم نے سسرالیوں سے ادھار رقم نہ ملنے پر اپنے سسرالیوں کا گھر لوٹنے کا پروگرام بنایا۔ دوران تفتیش ملزم کے قبضے سے لوٹے گئے چھ لاکھ پچاس ہزار روپے اور گیارہ تولے طلائی زیورات برآمد کرلئے
تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال کے آخر میں کنگنی والا کے رہائشی محمد مصطفےٰ کے گھر نامعلوم ملزمان نے داخل ہو کر گیلری میں پڑی پیٹی سے نقدی اور طلائی زیورات چرا لئے اور فرار ہو گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کو خصوصی ٹاسک دیا اور محدود وقت میں ملزمان کی گرفتاری بارے ہدایات جاری کیں۔ ڈ ی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ نے سب انسپکٹر عمران خالد، محمد عثمان، سلطان محمود، وکالد حسین اور شعیب اختر پر ٹیم تشکیل دی اور مدعی سے رابطہ کر کے اہم معلومات حاصل کیں۔پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کا بھی وزٹ کیا اور اہم شواہد اکٹھے کئے۔مزید براں سائنٹیفک انداز میں بھی تفتیش کو آگے بڑھایا گیا۔اہم پیش رفت کے بعد ملزم محمد نوید ملک سکنہ بوتالہ شرم سنگھ کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کیا گیا۔ ملزم نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے سسرالیوں سے قرض کی رقم اتارنے کے لئے ادھار رقم کا تقاضا کیا۔ سسرالیوں کے انکار پر اس نے اپنے سسرالیوں کا گھر لوٹنے کاپروگرام بنایا۔ڈوپلیکیٹ چابیاں بنواکر ملزم رات کے اوقات میں چوری چھپے گھر داخل ہوا اور پیٹی سے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گیا۔ملزم اپنے آپ کو محفوظ کرنے کے لئے سسرالیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کرتا رہا اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ان کے ساتھ تگ و دو بھی کرتا رہا۔ آخر کار سی آئی اے پولیس کے ہاتھ تفتیش آنے پر ملزم نے سچ اگلتے ہوئے سسرالیوں کا گھر لوٹنے کا انکشاف کیا۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ واردات میں شامل دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی تحرک کیا جا رہا ہے۔ سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے محدود وقت میں نامعلوم ملزم کو گرفتار کر نے پر سی آئی اے پولیس ٹیم کے لئے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے پولیس چوکس ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ شہریوں کا امن سکو ن برباد کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
Load/Hide Comments