گوجرانوالہ: ایس ایس پی آپریشنز کی مسجد میں کھلی کچہری، مکمل احوال جان لیں

ایس ایس پی آپریشنز ثاقب سلطان نے کہاکہ پتنگ بازی، آتش بازی،ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ جان لیوا کھیل ہیں۔کسی شخص کو اس امر کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ان خطرناک کھیلوں سے معصوم جانوں کونقصان پہنچائے۔ شادی، بیاہ اور خوشی کے مواقع پر عوام الناس میں ہوائی فائرنگ کا رجحان پایا جاتا ہے۔ان غیر قانونی اقدامات کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔بچے ملک کے معمار ہیں،ان کی تربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے۔بچوں کی تعلیم و تربیت والدین کی اولین ذمہ داری ہے، ان کی کمپنی پر نظر رکھی جائے ا ور انہیں غیر ہاتھوں میں جانے سے باز رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے جامعہ محمدیہ صدیقیہ شاہین آباد میں مسجد کچہری کے دوران سیکڑوں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے مزیدکہاکہ معاشرے میں بگاڑ کا ذمہ دار کوئی ایک نہیں بلکہ ہم سب ہیں۔ علم کوفروغ دے کر اس بگاڑ کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے ساتھ ساتھ لائسنسی اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس عوام کی حفاظت کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ شہریوں کا بھی فرض ہے کہ وہ پولیس سے تعاون کریں۔خطاب کرتے ہوئے سی پی او نے کہا کہ عبادت گاہوں میں علمائے کرام کی جانب سے ون ویلنگ،پتنگ بازی اور منشیات کے انسداد کے لئے دئیے جانے والے خطبات کو سراہتے ہوئے شہریوں کی کثیر تعداد نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔اس دوران انہوں نے شہریوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات بھی جاری کئے۔ ایس ایس پی آپریشنزنے آخر میں کہا کہ اپنے گردونواح پر کڑی نظر رکھیں۔پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور آتش بازی کے حوالے سے یا کسی دیگر جرم کے ارتکاب یا اقدام کی صورت میں فوری طور پرمقامی پولیس کواطلاع دیں تاکہ اس کا بر وقت انسداد کیا جا سکے۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات اور انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کے احکامات کے پیش نظر عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے سی پی او آفس کے کانفرنس ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں ایس ایس پی آپریشنز ثاقب سلطان، ایس پی صدر آصف امین اعوان، ایس ڈی پی اوزو دیگران نے شرکت کی۔ اپنے مسائل کے فوری حل کے لئے شہریوں کی کثیر تعداد اور سا ئیلان کھلی کچہری میں موجود تھے۔ کھلی کچہری میں پولیس افسران نے عوامی مسائل سنے۔کھلی کچہری میں شہریوں نے قبضہ مافیاو دیگر مسائل کی نشاندہی کی جن کے فوری حل کیلئے مناسب احکامات جاری کئے۔ کھلی کچہری میں شہریوں کو آگاہ کیاگیا کہ آئندہ بھی حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہر جمعہ کو عوامی مسائل کو سنا جائے گاا ورشکایات کے فوری حل کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔ شہری اپنے مسائل کے فوری حل کے لئے کھلی کچہری میں تشریف لا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں