گو گرین گوجرانوالہ مہم کا افتتاح , ڈویژن بھر میں 50 لاکھ پودے لگیں گے

گو گرین گوجرانوالہ مہم کا افتتاح کر دیا گیا ،رواں سال 2019میں مجموعی طور پر ڈویژن بھر میں50لاکھ پودے لگائے جائیں گے ،وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین مہم کے تسلسل میں گو گرین گوجرانوالہ سلوگن کے تحت کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسد اﷲ فیض اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر نے ایم پی اے شاہین رضا کے ہمراہ قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا ۔گوجرانوالہ ،گجرات ،نارووال ،حافظ آباد ، منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ میں مجموعی طور پر 50لاکھ پودے لگائے جائیں گے ، کمشنر نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو شجر کاری مہم کے تحت سالانہ ٹارگٹ سونپ دیا ہے ۔گو گرین گوجرانوالہ مہم کے تحت ضلع گوجرانوالہ میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ ،سول سوسائٹی ،بزنس کمیونٹی،تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں سے مل کر 20لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔کمشنر اسد اﷲ فیض ، ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر اور ایم پی اے شاہین رضا نے کہا ہے کہ صاف اور سر سبز پاکستان کے لیے ہر بچہ 10پودے لگا کر سر سبز و شاداب پاکستان مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ پاکستان دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے سر فہرست ممالک میں شامل ہے ،مجموعی رقبے کے صرف 5فیصد سے بھی کم رقبہ پر جنگلات ہیں جو موسمیاتی تبدیلیوں اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہیں ۔پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ خوشحال بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے بھرپور شجرکاری وقت کا تقاضا ہے اور اس مقصد کے لیے شہری حکومت اور اداروں کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنی مدد آپ کے تحت اپنے گھروں اور علاقہ میں ماحول دوست پودے اور درخت لگائیں ۔ شہری اپنے گھروں کی طرح گرد و نواح کے ماحول کو بھی صاف ستھرا بنائیں اور کوڑا کرکٹ صرف مخصوص مقامات پر رکھے گئے کوڑا دانوں میں پھینکیں ۔آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ نے این جی اوز فورم کے اشتراک سے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)کنول بتول نقوی، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)طارق حسین بھٹی،اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈ کوارٹر)شاہد عباس و دیگر موجود تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں