بھارت کیلئے مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ قبضہ جمائے رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، خرم دستگیر

سابق وفاقی وزیر ورکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بے مثال قربانیوں سے آزادی کی تحریک کو پروان چڑھایا ہے مقبوضہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا اور پاکستان کا لازمی حصہ ہے ،تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا پورا کرنے کیلئے میاں نواز شریف نے ہر دور میں کشمیریوں کے لئے عالمی سطح پر بھرپورآواز اٹھائی اور کشمیریوں کے جذبات کی درست ترجمانی کی، اقوام متحدہ کا اپنی قراردادوں پر عمل نہ کرانا مجرمانہ کردار ہے میاں نواز شریف کی طرح اگر تمام حکمران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے تو اب تک کشمیر پاکستان کا حصہ بن چکا ہوتا ۔کشمیری رہنما چو دھری پرویز شاکر کے ڈیرہ پر یوم یکجہتی کشمیر اور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت کیلئے کشمیریوں کو اپنے زیر تسلط رکھنا اور مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ قبضہ جمائے رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں ،بھارتی فوج ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکی،پاکستان کا پرچم اٹھا کر آزادی کا نعرہ لگانے والے کشمیریوں کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنما معظم رؤف مغل ،ناصر محمود کھوکھر، چو دھری پرویز شاکر ،مرزا اویس، عبدالشکور جازب، عابد پرویز ہرل ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں