گوجرانوالہ میں 10 بیماریوں سے بچاؤ کیلئے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا فیصلہ، طریقہ کار جان لیں

محکمہ صحت نے رواں سال ضلع گوجرانوالہ میں ایک سال تک عمر کے ایک لاکھ70 ہزار بچوں کو 10 مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے کا فیصلہ کرلیا ، ضلع کی 166 یونین کونسلوں میں چار چار سنٹر قائم کرکے ویکسین فراہم کردی گئی ، ایک ماہ تا ایک سال تک کی عمر کے بچوں کو کالی کھانسی ،خسرہ ،ہیپاٹائٹس بی ،نمونیا ،خناق ،انفلوائنزیا ،پولیو ،ڈائریا ،تشنج وغیرہ سے محفوظ رکھنے کیلئے سالانہ ٹیکے لگانے کا کورس کرایا جائے گا جس کیلئے ٹیموں کو ماہانہ 17 ہزار 500 بچوں کا ہدف دیا گیا ہے ، شہریوں کو آگاہی کیلئے گلی محلوں میں بینرز بھی لگائے جائیں گے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق نومولود بچوں میں خطرناک امراض پیدا ہونے کے خدشات بڑھ چکے ہیں ،بچوں کو مختلف امراض سے بچانے کیلئے رواں سال میں حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم شروع کردی گئی ہے جس کیلئے ضلع بھر میں بچوں کی فہرست تیار کرلی گئی اور تشکیل دی گئی ٹیموں کو ماہانہ اہداف دے د ئیے گئے ہیں ۔بچوں کو مختلف امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکے لازمی قرار د ئیے گئے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں