گوجرانوالہ میں پاسپورٹ دفتر کے باہر ایجنٹوں نے دوبارہ ڈیرے جما لئے

پاسپورٹ دفتر کے باہر ایجنٹوں نے دوبارہ ڈیرے جما لئے ،لمبی لائنوں سے بچنے اور بروقت پاسپورٹ کے حصول کیلئے شہریوں سے رقم بٹورنے لگے ۔تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ دفترکے باہر ایجنٹ شہریوں سے پیسے لے کر انہیں ٹوکن دے رہے ہیں جس کے بعد شہری بغیر کسی رکاوٹ کے دفتر کے اندر چلے جاتے ہیں ، پیسے نہ دینے والوں کو پاسپورٹ بنانے کے لیے لمبی لائن میں کھڑا ہو نا پڑتا ہے ۔ پاسپورٹ آفس کے گیٹ پر تعینات گارڈز بھی ٹوکن والے سائل کو پہلے اندر آنے دیتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ انتظامیہ کی ملی بھگت سے ٹاؤٹ ٹوکن لیتے ہیں اور لوگوں کو اندر لے کر جاتے ہیں۔کچھ عرصہ قبل ایف آئی اے کی کارروائی کے بعد ایجنٹ غائب ہو گئے تھے لیکن اب دوبارہ انہوں نے پاسپورٹ دفتر کے باہرعارضی ڈیر ے جما لیے ہیں اور لوگوں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے ۔ایجنٹ شہریوں کو ایک ہزار سے پندرہ سو روپے لے کر ٹوکن دیتے ہیں۔دوسری طرف ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ دفتر کے باہر ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ،شہری پیسے لینے والے ایجنٹ کے بارے ایف آئی اے کو اطلاع دیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں