کمسن طالبہ کو اغوا کرنے والے ملزم کے خلاف آر پی او آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ، سزائے موت دینے کا مطالبہ

سکول کے کمسن بچوں نے ساتھیوں کواغواکرنیوالے ملزم کیخلاف آرپی اوآفس میں احتجاج کرتے ہوئے ملزم کو سزائے موت دینے کامطالبہ کردیا۔دوسری طرف تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے سے اغوا ہونے والی آٹھ سالہ بچی آمنہ 10 گھنٹے کے اندر بازیاب ہونے پر آر پی او طارق عباس قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اغوا کار معاشرے کے درندے اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے سماج دشمن عناصر اور جنسی درندوں کو نشانِ عبرت بنا دیں گے ۔ شہریوں کی عزت اور جان ومال کا تحفظ گوجرانوالہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ پریس کانفرنس میں بچی کوبازیاب کروانے والے پولیس افسروں اورملازمین کونقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے ۔ واضح رہے کہ 4فروری کو نسیم بی بی سکنہ جھنگی نے تھانہ پیپلز کالونی میں درخواست دی کہ اس کی آٹھ سالہ بچی آمنہ سکول جانے کے لئے گھر سے نکلی تو سکول کے قریب سے اسے نامعلوم ملزم اغوا کر کے لے گیا ۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد علی کو گرفتار کر لیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں