کڈنی سنٹر گجرات میں مزید7ڈائلسز مشینیں فعال، روزانہ 75 مریضوں کا علاج ممکن

کڈنی سنٹر گجرات میں مزید7ڈائلسز مشینیں فعال کر دی گئیں ، چیئرمین سروسز گروپ آف انڈسٹریز چودھری عمر سعید اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے افتتاح کیا۔ مخیر حضرات کے تعاون سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم ہونیوالے اس سنٹر میں ڈائلسز مشینوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے ،اب روزانہ 70 سے 75 مریضوں کا مفت علاج ہوگا ۔عمر سعید نے اپنے مرحوم والد چودھری احمد سعید کی طرف سے اعلان کردہ 4 کروڑ روپے کی لتھوٹرپسی مشین کڈنی سنٹر کو عطیہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی لیزر لتھو ٹرپسی فراہم کی جائے گی ، مشین کی درآمد اور تنصیب پر تین سے چھ ماہ کا عرصہ درکار ہو گا۔ صدر انجمن بہبود مریضاں میاں اعجاز نے شرکا کو بتایا کہ سروسزگروپ سالانہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے پہلے ہی سنٹر کو عطیہ کر رہا ہے جبکہ ماہانہ اخراجات 42 لاکھ روپے تک ہیں جو شہر کے مختلف مخیر حضرات ادا کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں