نوجوانوں کیلئے خوشخبری، کامیاب جوان پروگرام: یواین او کا 30 ملین ڈالرز فنڈ فراہم کرنے کا اعلان

اقوام متحدہ ‘کامیاب جوان’ پروگرام کیلئے تعاون کرنے کو تیار ہوگیا، یو این او نے نوجوانوں کیلئے 30 ملین ڈالرز فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ حکام کے مطابق، منصوبے کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور یو این حکام کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اقوام متحدہ نے عثمان ڈار کو پروگرام کا کو چئیرمین مقرر کر دیا۔ یو این او حکام کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے لئے 30 ملین ڈالرز مختص کر دئیے گئے، منصوبے کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فنڈز فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کے شکر گزار ہیں، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے، چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔ عثمان ڈار کا کہنا ہے نوجوانوں کے مسائل کم کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے، متعدد منصوبوں کا فریم ورک مکمل ہے جلد لانچنگ ہو گی، دن رات محنت کر رہے ہیں، نوجوانوں کو کامیاب بنانا اصل ہدف ہے۔

عثمان ڈار نے مزید کہا کہ تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے، دیگر ممالک سے بھی رابطہ میں ہوں، نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے۔ یو این او حکام کا کہنا ہے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لئے کام کریں گے، حکومتی سطح پر نوجوانوں کی سرپرستی بہتر قدم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں